پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، 960 پوائنٹس گر گئے

کراچی( پی این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، 960 پوائنٹس گر گئے، اپوزیشن لیڈرمیاں شہباز شریف کی گرفتاری کے بعدسیاسی درجہ حرارت بڑھنے کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کوکاروبار حصص میں شدیدمندی رونما ہوگئی اورکے ایس ای 100

انڈیکس 41 ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی گرتے ہوئے 960.28 پوائنٹس کی کمی سے 40740.95 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا جب کہ مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کے دبائوکے باعث 83.97 فیصد کمپنیوںکے حصص کی قیمتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 64 ارب 22 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور مارکیٹ میں 84 پوائنٹس کی تیزی آئی لیکن اپوزیشن لیڈر میاںشہباز شریف کی گرفتاری کے بعد سیاسی لحاظ سے غیر مستحکم صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں نے حصص فروخت کرنے شروع کردئے جس کے نتیجے میں مندی چھاگئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 41 کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی سے 40640 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں 100 پوائنٹس کی ریکوری آئی لیکن مندی غالب رہی اورکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 960.28 پوائنٹس کی کمی سے 40740.95پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 418 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 57 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 351 میں کمی اور 10 کمپنیو ں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔پیر کو مارکیٹ میں 40 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 984 شیئرز کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ جمعہ کو 43 کروڑ 50 لاکھ 17 ہزار 984 حصص کے سودے ہوئے تھے۔مندی کے باعث مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ ایک کھرب 64 ارب 22 کروڑ 69 لاکھ 11 ہزار 454 روپے گھٹ کر 76 کھرب 54 ارب 61 کروڑ 50 لاکھ 51 ہزار 383 روپے رہ گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں