اسلام آباد (پی این آئی) یورپی یونین نے پاکستان کو مزید 2 سال کیلئے جی ایس پی پلس کا درجہ دے دیا، ای یو کے فیصلے کے باعث پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا، پاکستانی مصنوعات کو 30 یورپی ممالک کی مارکیٹوں تک رسائی حاصل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معیشت کے حوالے سے بڑی خوشخبری
سنائی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی یونین نے پاکستان کو دیے گئے جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں مزید 2 سال کے عرصے کیلئے توسیع کر دی ہے۔اس بات کا باقاعدہ اعلان یورپی یونین کے نائب صدر کی جانب سے کیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ یورپی یونین کا یہ فیصلہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔ پاکستان کو یورپ کے 30 ممالک کی مارکیٹوں میں اپنی مصنوعات رعایتی ٹیرف پر فروخت کرنے کی اجازت ہوگی۔اس فیصلے کے باعث پاکستان کو کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ جی ایس پی پلس کی سہولت کے بعد گزشتہ سات سال کے دوران یورپی یونین کے ممالک کو کی جانے والی قومی برآمدات میں65 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ڈیمو کریسی رپورٹ انٹرنیشنل اور یورپین کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق سال 2013ء میں جی ایس پی پلس کی سہولت سے قبل پاکستان نے 28 یورپی ممالک کو 4.54 ارب یورو کی برآمدات کی تھیں۔ سہولت کے بعد سال 2014ء کے دوران برآمدات کا حجم 5.51 ارب یورو تک بڑھ گیا۔ اسی طرح جی ایس پی پلس کی سہولت کے دوسرے سال 2015ء میں برآمدات میں 10 فیصد مزید اضافہ ہونے سے قومی برآمدات کا حجم 6.09 ارب یورو تک بڑھ گیا۔رپورٹ کے مطابق سال 2016ء کے بعد یورپی یونین کے ممالک کو کی جانے والی برآمدات چھ ارب یورو سے زیادہ کی سطح پر منجمد ہوگئی ہیں اور ان میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہو سکا۔ سال 2016ء کے دوران پاکستان نے یورپی ممالک کو 6.30 ارب یورو ، سال 2017ء میں 6.69 ارب یورو اور سال 2018ء کے دوران 6.88 ارب یورو کی برآمدات کیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں