ملکی معیشت کے لئے خوشخبری، اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، سرمایہ کاروں میں خوشی کی لہر

کراچی (پی این آئی)ملکی معیشت کے لئے خوشخبری، اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، سرمایہ کاروں میں خوشی کی لہر، پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو سرمایہ کاروں کی جانب سے سرگرم شیئرزمیں بھرپورسرمایہ کاری کرنے کے باعث مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی جس کی وجہ سے انڈیکس42898بلند

سطح پر بھی دیکھا گیا،مارکیٹ سرمایے میں ایک کھرب32ارب86کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔کاروباری حجم بدھ کی نسبت زائد رہا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی عالمی سطح پر پذیرائی، ملکی معیشت کے حوالے سے اچھے اعشاریے سمیت دیگر اہم امور حصص مارکیٹ پر اثر انداز ہوئے ہیں جس کی وجہ سے رواں ہفتے کے پہلے چار روز کے دوران تین دن تیزی جبکہ ایک روز اْتار چڑھاؤ کے بعد مندی دیکھی گئی ہے۔کاروباری ہفتے کے چوتھے روزجمعرات کو شیئرز مارکیٹ کاروبار کا آغاز زبردست انداز میں ہوا، جس کے باعث صبح 9 بج کر 46 منٹ پر انڈیکس 465.88 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 42488.13 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔ اس کا تسلسل دوپہر 12 بجے تک بھی دیکھنے کو ملا جب انڈیکس 698.47 پوائنٹس کی تیزی تک بھی پہنچا۔کاروبار کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 42896.36 پوائنٹس کی سطح کو بھی چھو گیا تھا، تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن جمعرات کو انڈیکس کی ایک ساتھ6نفسیاتی حدیں 42100، 42200، 42300، 42400، 42500 اور 42600عبور کرگئیں۔ جس کے باعث کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 625.10 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 42647.35 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔کاروبار کے دوران 1.49 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ ٹریڈنگ کے دوران88کروڑ49 لاکھ62 ہزار929 شیئرز کا لین دین ہوا جبکہ گزشتہ روز بدھ کو70کروڑ70لاکھ13ہزار27حصص کے سودے ہوئے تھے۔ گزشتہ روز448کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں284کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ147میں کمی اور17میں استحکام رہا۔کاروبار میں تیزی کے باعث مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ ایک کھرب32ارب86کروڑ86لاکھ22ہزار929 روپے بڑھ کر80کھرب9ارب58کروڑ24لاکھ 80ہزار156روپے پر پہنچ گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close