لاہور (پی این آئی) پاک سوزوکی موٹرز نے گاڑیوں کی قیمتوں میں 35 ہزار سے 10 لاکھ تک کا اضافہ کر دیا ہے، کار ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حکومت امپورٹڈ گاڑیوں پر سے پابندی اٹھائے تاکہ مقامی کار ساز کمپنیوں کی اجارہ داری ختم ہو سکے اور مقامی گاڑیاں سستی ہو سکیں۔تفصیلات کے مطابق پاک سوزوکی موٹرز نے کلٹس
وی ایکس آر کی قیمت میں 35 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا جس کے بعد سوزوکی کلٹس وی ایکس آر 17 لاکھ 80 ہزار کی ہوگئی۔ سوزوکی کلٹس وی ایکس ایل 35 ہزار اضافے کے بعد 19 لاکھ روپے کی ہو گئی جبکہ سوزوکی کلٹس اے جی ایس 45 ہزار اضافے کے بعد 20 لاکھ 30 ہزار روپے کی کر دی گئی۔ اسی طرح سوزوکی نیو جمنی 5 لاکھ روپے اضافے کے بعد 44 لاکھ 90 ہزار کی ہوگئی اور سوزوکی وٹارا 10 لاکھ اضافے کے بعد 65 لاکھ روپے کی ہوگئی۔لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن کے صدر شہزادہ سلیم خان اور دیگر کار ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مقامی کار ساز کمپنیوں کی جانب سے از خود گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جسے روکنے کیلئے حکومت فوری طور پر امپورٹڈ گاڑیوں پر عائد پابندی ختم کرے، حکومت آٹو پالیسی متعارف کروائے تاکہ مقامی کار ساز کمپنیاں از خود گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ نہ کر سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں