کراچی (پی این آئی ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری حجم ساڑھے15 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا،پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 353 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے، جس سے100 انڈیکس 42 ہزار 188 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے ایک مرتبہ پھر
زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔ 353.26 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔100 انڈیکس 8 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ اضافے کے بعد 42 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی ہے۔ آج پاکستان سٹاک مارکیٹ میں چوتھے کاروباری روز کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، صبح سوا 10 بجے انڈیکس میں 346.59 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انڈیکس 42 ہزار کی نفسیاتی حد بحال کر چکا تھا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.84 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی۔ٹریڈنگ کے دوران 54 کروڑ 7 لاکھ 63 ہزار 746 شیئرز کا لین دین سے ایک مرتبہ پھر سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔ واضح رہے گزشتہ روز امریکی ادارے ’مارکیٹ کرنٹس ویلتھ نیٹ‘ کی جانب سے عالمی مالیاتی اداروں کی کارکردگی پر تحقیق پیش کی ہے۔ جس میں بتایا گیا کہ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ نے ایشیا میں سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں 38 فیصد سے زیادہ کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایشیا میں چین کی سٹاک مارکیٹ نے بھی اچھا پرفارم کیا جس میں27 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے سی ای او ایم ڈی فرخ ایچ خان نے سرکاری نیوز ایجنسی کو بتایا کہ پاکستان نے کووڈ 19 کا بہترین انداز سے مقابلہ کیا۔ اس کی معیشت دیگر ممالک کے مقابلے میں تیزی سے بحال ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیرملکی خریدار جو پچھلے دو سال سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے خالص فروخت کنندہ تھے وہ اگست کے مہینے میں خالص خریدار بن کر ابھرے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان قومی صحت اور معاشی انتظام کاری کے تناظر میں کورونا سے بہترین انداز میں نمٹا ہے۔ حکومت اور مرکزی بینک، دونوں نے مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے جراتمندانہ اقدامات کیے۔ فوری اور مئوثر اقدامات کے نتیجے میں ملکی معیشت اور اسٹاک مارکیٹ ٹریک پر آگئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں