حکومت کا عوام کیلئے ریلیف ،پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز میں کمی کر دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس میں کمی کر دی، پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل پر عائد لیوی میں رد و بدل کر کے ستمبر کے ماہ کیلئے قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ماہ ستمبر میں پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔

وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔بتایا گیا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کی شرح میں رد و بدل بھی کیا ہے۔ پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل پر عائد لیوی میں رد و بدل کر کے ستمبر کے ماہ کے دوران موجودہ قیمتیں برقرار رکھی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قیمتوں میں اضافے کے لئے ارسال کی گئی اوگرا کی سمری مسترد کر دی تھی، جس کے بعد وزارت خزانہ نے لیوی میں رد و بدل کیا۔حکومت کو ماہ ستمبر میں پٹرولیم مصنوعات میں 9روپے فی لیٹر تک اضافے کی سمری موصول ہوئی تھی جسے وزیراعظم عمران خان نے مسترد کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ 15 دن بعد قیمتوں میں کمی کرنے کی بجائے ماہ ستمبر میں پٹرولیم مصنوعات موجودہ قیمتوں پر ہی دستیاب ہوں گی۔ پٹرول کی قیمت 103.97 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی، ہائی اسپیڈ ڈیزل 106.46 روپے، مٹی کا تیل 65.29 روپے، جب کہ لائٹ ڈیزل 62.86 روپے فی لیٹر برقرار رہے گا۔واضح رہے کہ اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 9.71 اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 9.50 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی تھی۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عوام کو دیے گئے ریلیف کی وجہ سے حکومت پر 17 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔ ملک کے موجودہ حالات خاص کر کراچی اور دیگر علاقوں میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں