حکومت کی کوششیں کامیاب، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم کتنے کروڑ ڈالرز تک جا پہنچا؟ خوشخبری سنا دی گئی

کراچی (پی این آئی) کورونا کے باوجود پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ، ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 11کروڑ 43لاکھ ڈالرز تک جا پہنچا، تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ جولائی 2020 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 60.8 فیصد اضافہ ہوا اور غیر ملکی

سرمایہ کاری کا حجم 11کروڑ 43لاکھ ڈالرز تک پہنچ گیا۔اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ چین نے سب سے زیادہ 2کروڑ 71 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری کی ، غیرملکی سرمایہ کاری مشینری، فنانشل بزنس اور کمیونیکیشن سیکٹر میں آئی۔ مرکزی بینک کے مطابق جولائی 2020 میں 10.72 کروڑ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے، ملکی نجی شعبے میں 4.11 کروڑ ڈالر اور سرکاری شعبے میں 6.61 کروڑ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی، نجی شعبے میں بیرونی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 11.43 کروڑ ڈالر رہا۔اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ سے جولائی میں 7.32 لاکھ ڈالر نکالے گئے ہیں جبکہ جولائی 2019 کے مقابلے رواں سال جولائی میں بیرونی سرمایہ کاری 2.2 فیصد بڑھی ہے۔ یاد رہے مالی سال 20-2019 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 88 فیصد اضافہ ہوا تھا ، اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی تا اپریل غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 2 ارب 28 کروڑ ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ حجم صرف 1 ارب ڈالر تھا۔دوسری جانب وزارت سمندر پار پاکستانیز نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز اب ملک میں براہ راست بینکنگ ادائیگیاں اور سرمایہ کاری کر سکیں گے، ترجمان وزارت اوورسیز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن واپس آئے بغیر مکمل آپریشنل بینک اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے،بینک اکاؤنٹ کھلوانے کیلئے بنیادی معلومات اور دستاویزات آن لا ئن فراہم کرنا ہوں گی۔ اوورسیز ہم وطنوں کو پاکستانی بینکنگ کا جدید ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم فراہم کیا جائے گاجس کے ذریعے انہیں فنڈز ٹرانسفر، بل پیمنٹ اور ای کامرس سمیت تمام بنیادی بینکنگ سروسز بھی دستیاب ہوں گی،منصوبے کے تحت اوورسیز پاکستانی اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے کے بھی اہل ہوں گے۔

close