اسلام آباد ( پی این آئی)چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز ذوالقرنین خان نے انکشاف کیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر کروڑوں روپے کی چوریاں ہوتی ہیں، مہنگے داموں خریداری کی جاتی ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کرپشن کا گڑھ ہے۔نجی ٹی وی جیو سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء کی چوری اور مہنگے داموں خریداری کی انکوائری کرائی تو سب مخالف ہو گئے،
ایک حکومتی شخصیت نے استعفیٰ دینے کا بھی کہا، استعفا نہیں دوں گا، اپنےماتھے پر کرپشن کا کلنک لے کر نہیں جاؤں گا۔چیئرمین یو ٹیلیٹی اسٹورز ذوالقرنین خان نے کہا کہ ایک حکومتی شخصیت عہدے سے مستعفی ہونے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے،کسی کے دباؤ میں آکر استعفیٰ نہیں دوں گا، بیرون ملک سے وزیراعظم کی درخواست پر آیا ہوں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ سب ملے ہوئے ہیں، ایم ڈی کو بھی سمجھایا مگر وہ بھی کرپٹ لوگوں کے ساتھ مل گئے، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کرپشن کا گڑھ ہے، اعلیٰ عہدےداروں سے لے کر وزرات صنعت وپیدوار کے حکام تک ملوث ہیں۔ذوالقرنین خان نے کہا کہ ایک سال میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے 10 ارب روپے کی چینی خریدی گئی ،مگر عوام تک کہاں پہنچی؟ کروڑوں روپے کا فلور ملز سے آٹا خریدا گیا، مگر ملی بھگت سے آدھا آٹا خریدا آدھا کاغذوں کی حد تک محدود رہا،کوکنگ آئل کی خریداری میں بھی گھپلے ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ مجھ پر دباؤ ڈ الا جا رہا ہے کہ عہدے سےاستعفیٰ دے دوں، یہ پیغام ایک اہم حکومتی شخصیت نے دیا۔ذوالقرنین خان نے واضح کیا کہ استعفیٰ ہر گز نہیں دوں گا، اپنے ماتھے پر کرپشن کا کلنک لے کر نہیں جاؤں گا، سعودی عرب سے پاکستان وزیراعظم کی درخواست پر آیا تھا، اگر میں گیا تو پھر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا پورا بورڈ بھی جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں