کورونا وائرس کی نئی لہر ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں پھر گرنے لگیں، مزید کتنی کمی ہوئی؟

لندن(پی این آئی)عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک بار پھر زوال پذیر ہونے لگیں، برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق جمعہ کو تیل کی قیمت 43 ڈالر فی بیرل سے بھی کم ریکارڈ کی گئی۔برطانوی خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں دوبارہ کمی کی وجہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی لہر ہے جس کے بعد

کئی ملکوں میں لاک ڈاون میں توسیع ہوئی ہے تو کئی ممالک نے اعلان کے باوجود لاک ڈاون نہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اگرچہ حالیہ دنوں میں کروڈ آئل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جسے معیشت میں بہتری کے طور پر دیکھا گیا تھا تاہم اب یہ خدشات جنم لے رہے ہیں کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد تیل کی طلب میں ایک بار پھر کمی ہوجائے گی۔امریکا میں بدھ کو 55ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک دن میں سامنے آنے والا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔ نئے کیسز کے بعد امریکہ میں بے روزگاری میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیاجارہاہے۔ریسٹڈ انرجی سے منسلک لوئس ڈسکان کا کہنا ہے کہ مسلسل تین روز سے 50 ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آنے کا یہ ٹرینڈ اگر جاری رہتا ہے تو خطے میں تیل کی طلب میں نمایاں کمی ہوسکتی ہے۔تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق آج برطانوی خام تیل کی قیمت میں تیس سینٹس یعنی اعشاریہ نو فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اس کی فی بیرل قیمت 42.76ہوگئی ہے۔ اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت میں 44سینٹس یا ایک اعشاریہ ایک فیصد کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 40.21 ہوگئی ہے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکہ میں یوم آزادی کی وجہ سے بھی کاروبار میں کچھ مندی رہی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close