کورونا کی وجہ سے گرتی معیشت کو سہارا دینے کیلئے تین بڑے عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان پر ڈالروں کی بارش کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں پاکستان اور تین بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے درمیان 1500 ملین ڈالر کے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کر دیئے گئے۔ یہ معاہدے عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشیئن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ طے پائے ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کوویڈ 19

ایکٹو رسپانس اینڈ ایکسپینڈیچر سپورٹ پروگرام کیلئے 500 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرے گا۔اس کا مقصد حکومت پاکستان کو اس کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور کورونا وباء کے سماجی و معاشی اثرات میں کمی لانے کی کوششوں میں تعاون فراہم کرنا ہے۔ اسی طرح ایشیئن انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک بھی کوویڈ۔19 ایکٹو رسپانس اینڈ ایکسپینڈیچر سپورٹ پروگرام کیلئے 500 ملین ڈالر کی معاون فنانسنگ فراہم کر رہا ہے۔اس کا مقصد کورونا وباء کے اثرات پر قابو پانے کی حکومتی کوششوں میں تعاون فراہم کرنا ہے۔اس کے علاوہ انسانی وسائل کی ترقی کیلئے ضروری صحت وتعلیم کے نظام کو مضبوط بنانے، معاشی پیداوار میں خواتین کے کردار کی حوصلہ افزائی اور سماجی تحفظ کے منصوبوں میں کی بہتری میں معاونت کے سلسلے میں سیکورنگ ہیومین انویسٹمنٹس ٹو فاسٹر ٹرانسفارمیشن (شفٹ) کیلئے 500 ملین ڈالر کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد جبکہ عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر پچھاموتھو ایلانگوان اورایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر مس شیائو ہونگ نے معاہدوں پر دستخط کئے۔ یہ رقم آئندہ چند دنوں میں پاکستان کو فراہم کر دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close