اسلام آباد (پی این آئی) اگلے ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی خوشخبری، مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ رواں ماہ قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر تک کمی کی گئی، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی ہوئی، مئی کے ماہ میں پاکستانی عوام کو بھی ریلیف دیا جائےگا۔ تفصیلات کے
مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی جانب سے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی عوام کو خوشخبری سنائی گئی ہے۔حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ اگلے ماہ میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی خوشخبری سنائی جائے گی۔ حکومت نے رواں ماہ میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کے بعد مئی کے ماہ میں بھی عوام کو مزید ریلیف دیا جائے گا۔خوشخبری یہ ہے کہ یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کریں گے۔مشیر خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث پاکستان کی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے، تاہم بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں کہ ملکی معیشت کو دوبارہ سے پاوں پر کھڑا کر دیا جائے۔ عوام کو پٹرویم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے ذریعے ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ کاروباری طبقے کو بھی خصوصی ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ملکی معیشت کا پہیہ چل جائے۔حکومت نے کرونا وائرس کے باعث بے روزگار ہو جانے والے 40 لاکھ لوگوں کو خصوصی امداد بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ دنیا میں ایک مرتبہ پھر تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہونے کی اطلاعات کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گراوٹ کا شکار ہوگئیں۔ برطانوی منڈی میں ڈبلیو ٹی آئی کے جون کے سودے 15 فیصد کمی کے بعد 14.40 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے۔ جبکہ عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی اور اس کے جون کے سودے 6.2 فیصد کمی سے 20 ڈالر فی بیرل پر کیے گئے۔ چونکہ حکومت نے ملک میں خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی دوبارہ سے امپورٹ کی اجازت دے دی ہے، اسی لیے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی موجودہ قیمتوں سے اب پاکستان بھی فائدہ اٹھا سکے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں