کشیدہ صورتحال، ایک اور بڑا استعفیٰ آگیا

مظفر آباد(پی این آئی)آزادکشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر چیئرمین آزاد جموں و کشمیر بورڈ آف انویسٹمنٹ سردار امجد جلیل نے استعفی دیدیا۔

سردار امجد جلیل نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بہت دکھ اور افسوس ہو رہا ہے آزاد کشمیر کے غریب لوگ بجلی اور آٹے کیلئے احتجاج کررہے ہیں موجودہ صورتحال کی ذمہ داری وزیراعظم آزاد کشمیر اور کابینہ پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے آزادکشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ فٹ بال کھیلا جا رہا تھا، وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کی عدم دلچسپی کے باعث یہ حالات پیدا ہوئے، آزاد کشمیر ایک پرامن خطہ تھا اب یہاں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے۔

سردار امجد جلیل نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے عوام اور پولیس کو آمنے سامنے لا کھڑا کر دیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے اپیل کرتا ہوں کہ پرامن احتجاج کریں، آزاد کشمیر حکومت کا کام بنتا ہے کہ عوام کو ریلیف دے۔ سردار امجد جلیل نے اپنا استعفی وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کو بھجوا دیا ہے۔ امجدجلیل نے کہا کہ ذاتی خرچے پر غیرملکی سرمایہ کاروں کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کیلئے قائل کیا لیکن وزیراعظم آزاد کشمیر کی ضد اور عناد کے باعث اپنا خواب پورا نہیں کر سکا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close