وزیراعظم آزادکشمیر کی زیر صدارت اہم اجلاس، نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لیے انٹرپرینیورشپ کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈیجیٹلائزیشن، جدید ٹیکنالوجیز کے فروغ اور نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے جامع حکمت عملی طے کی گئی۔

اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر و وزیر قانون میاں عبدالوحید، وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نیئر، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن محترمہ تہذیب النساء، سیکرٹری حکومت عامر محمود مرزا، سیکرٹری انڈسٹریز سردار عدنان خورشید اور سیکرٹری امور دینیہ، زکوٰۃ و عشر و سماجی بہبود رفاقت حسین مغل سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو جدت کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات، ترجیحات اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لیے انٹرپرینیورشپ کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کی اہمیت اور افادیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ بدلتے ہوئے عالمی تقاضوں کے پیش نظر آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے متعلق کورسز کو مرحلہ وار بنیادی تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے تاکہ نوجوان نسل کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں جدید علوم و مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت جلد انٹرپرینیورشپ کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔ اس کانفرنس میں جدید معاشی رجحانات، بے روزگاری کے خاتمے، جدید ٹیکنالوجیز کے فروغ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق دیگر جدید کورسز کے حوالے سے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے نوجوانوں کی بہتر رہنمائی کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے ایک مؤثر روڈ میپ بھی تشکیل دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کانفرنسز کا مقصد نوجوان نسل کو روزگار کے نئے مواقع سے روشناس کرانا اور انہیں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے تاکہ وہ انٹرپرینیورشپ کی اہمیت اور افادیت کو سمجھتے ہوئے خود روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور معاشی ناہمواریوں کو کم کرنے کے لیے غیر روایتی ترجیحات کو اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔ حکومت خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور عوام کی فلاح کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close