آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ڈیجیٹل اینڈ سوشل میڈیا جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے نو منتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد دی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے ایسوسی ایشن کے صدر نصیر چوہدری، جنرل سیکرٹری راجہ شعیب محمود، سینئر نائب صدر عرفان اکرم، نائب صدر علی شاہ اندلیب، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری منیب عباسی، جوائنٹ سیکرٹری اسامہ زین، سیکرٹری مالیات کاشف جاوید، سیکرٹری اطلاعات عبدالقیوم اور سیکرٹری ریکارڈ عادل شہزاد سمیت تمام نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تنظیم ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ، ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ اور معاشرے میں مثبت و تعمیری کردار ادا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا اطلاعات کی تیز رفتار ترسیل کا ایک مؤثر اور طاقتور ذریعہ بن چکا ہے۔ اس شعبے سے وابستہ صحافی عوام تک بروقت اور مستند معلومات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشرے میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ایسوسی ایشن صحافتی اقدار کو مضبوط بنانے اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






