مظفرآباد: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے علما و مشائخ کے ایک وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں صدر سیرت کمیٹی عتیق احمد کیانی، مولانا محمد اشرف، صاحبزادہ محمد فردوس نعیمی، قاری محمد اشرف علی، مظفر حیات ہارونی، ملک محمد شوکت عارف قادری، مولانا منیر حسین ہارونی، صاحبزادہ حمید الدین برکتی، مولانا زاہد اثری، مولانا الطاف سیفی، مولانا محمد امین بٹ، مولانا بشیر قادری اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر ترجمان وزیراعظم شوکت جاوید میر اور پبلک ریلیشن آفیسر شوکت راٹھور بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران مدارس کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، دینی اداروں کی فلاح و بہبود، تجوید القرآن ٹرسٹ کی سرگرمیوں اور مذہبی تعلیم کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علما و مشائخ کے وفد نے وزیراعظم کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وفد نے مدارس کو درپیش مسائل، طلبہ کی تعلیمی سہولیات اور دینی خدمات کے فروغ کے حوالے سے اپنی تجاویز اور سفارشات بھی پیش کیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ دینی مدارس معاشرے کی اصلاح، دینی شعور کی بیداری اور نوجوان نسل کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت دینی اداروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے علما و مشائخ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنانا ہو گا تاکہ معاشرے میں امن، استحکام اور یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ امت واحدہ کے تصور پر کامل یقین رکھتے ہیں اور اسی سوچ کے تحت تمام مکاتب فکر کے درمیان احترام، اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت مدارس اور دینی اداروں کی فلاح و ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی اور تجوید القرآن ٹرسٹ کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






