مظفرآباد: وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت زراعت کے فروغ کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی، وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان، سیکرٹری خوراک آزادکشمیر وجاہت رشید بیگ، ڈائریکٹر جنرل زراعت ڈاکٹر اعجاز اور زراعت سے منسلک زمیندار تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران زمیندار تنظیموں کے نمائندگان نے وزیراعظم کو زراعت کی مجموعی بہتری اور پائیدار پیداوار کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔ وفد کی جانب سے فارم فینسنگ، پرائیویٹ نرسریوں کے قیام، خوراک کے معیار، باغبانی، پھلوں کی پیداوار، جدید زرعی ٹیکنالوجی، پیداوار اور معیار میں بہتری، لاگت میں کمی، وسائل کی فراہمی، مارکیٹنگ اور فارم فنانسنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے زمیندار نمائندگان کے مسائل غور سے سنے اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت 10 سے 15 اپریل کے دوران آزاد کشمیر میں ایک بڑی زرعی کانفرنس منعقد کر رہی ہے جس کے ذریعے زرعی شعبے کو حکومتی سرپرستی میں لا کر ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ زراعت نہ صرف بنیادی ضرورت ہے بلکہ دنیا بھر میں منافع اور روزگار کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے زمینداروں پر زور دیا کہ وہ بہتر پیداوار کے لیے زمین کی باقاعدہ سول ٹیسٹنگ کروائیں تاکہ معیاری اور فائدہ مند زرعی پیداوار حاصل کی جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ ہونے والی زرعی کانفرنس مستقبل کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ نرسریوں کے قیام کو فروغ دیا جائے گا اور زمینداروں کو درپیش فینسنگ سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت زمینداروں کو اپنی ٹیم کا حصہ سمجھتے ہوئے ان کے ساتھ مل کر زراعت کے فروغ کے لیے کام کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں آسان راستے کے بجائے مشکل مگر بہتر راستے کا انتخاب کرنا ہو گا تاکہ زرعی شعبے میں حقیقی بہتری لائی جا سکے۔ حکومت کا مقصد لوگوں کو بنیادی معاشی سرگرمیوں، خصوصاً زراعت کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ ریاست کو خود کفیل بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ زراعت کو بھی حکومتی ترجیحات میں شامل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرعی کانفرنس عید کے بعد منعقد ہو گی اور اس میں اجتماعی دانش اور مشاورت کے ذریعے مسائل کا مؤثر حل تلاش کیا جائے گا تاکہ زمینداروں کو ایک واضح اور عملی راستہ فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی نے کہا کہ زرعی کانفرنس ایک بہترین اقدام ہے جس سے ریاست میں زرعی شعبہ درست سمت میں آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار کے معیار کو بہتر بنانا نہایت ضروری ہے کیونکہ معیاری اجناس ہی عوام کی صحت کے تحفظ کو یقینی بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زمینداروں کے مسائل کے حل اور ان کی معاونت کے مشن کو جاری رکھے گی اور زرعی شعبے کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






