مظفرآباد: وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت دارالحکومت مظفرآباد شہر کی بیوٹیفکیشن، تزئین و آرائش اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں شہر کی خوبصورتی، جدید سہولیات کی فراہمی اور شہری نظام کو بہتر بنانے کے مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری خوشحال خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات عبدالرحمن، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود، سیکرٹری برقیات ارشاد قریشی، سیکرٹری توانائی و آبی وسائل طیب چوہدری، سیکرٹری ورکس سلیم بسمل، کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر، ڈپٹی کمشنر منیر احمد قریشی، واصف شنواری (کنسلٹنٹ) اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کو دارالحکومت کی مجموعی بہتری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں شہر کے انٹری پوائنٹس کی بہتری، مرکزی شاہراہوں کی اپ گریڈیشن، ٹریفک کے نظام کی بہتری، شہری انفراسٹرکچر کی ترقی، گرینری میں اضافہ، سائن بورڈز کی تنصیب، لائٹ پولز کی انسٹالیشن، وال پینٹنگز، شہر کے پلوں پر لائٹنگ، سڑکوں کی متوازن چوڑائی، فٹ پاتھس کے قیام، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مینٹیننس اور ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مؤثر بنانے کے حوالے سے اقدامات شامل تھے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کم اخراجات کے ساتھ زیادہ سے زیادہ کام کیا جائے تاکہ شہر کی مجموعی صورتحال میں واضح بہتری لائی جا سکے۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ کمشنر مظفرآباد کی سرپرستی میں شہر کی تزئین و آرائش کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو مختلف منصوبوں کی نگرانی اور عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔
مزید برآں اجلاس میں شہر میں اینٹی انکروچمنٹ آپریشن، بہتر ٹریفک مینجمنٹ اور صفائی مہم کو فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ دارالحکومت کی خوبصورتی اور نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ دارالحکومت کسی بھی ریاست کا چہرہ ہوتا ہے، اس لیے مظفرآباد شہر کی خوبصورتی اور بہتری کو یقینی بنانا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود وسائل کے باوجود بہتر منصوبہ بندی اور مؤثر انتظام کے ذریعے شہر کو خوبصورت اور منظم بنایا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مظفرآباد شہر کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ شہر کے انٹری پوائنٹس اور اندرون شہر دیواروں پر پینٹنگز میں کشمیری ثقافت و تاریخ نمایاں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی و ستھرائی خوبصورتی کو مزید بڑھاتی ہے اور اسٹریٹ لائٹنگ کا مؤثر نظام نصب کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عوام کی فلاح کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






