وزیراعظم آزاد کشمیر سے علما و مشائخ کے وفد کی ملاقات، مدارس اور دینی امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم آزاد حکومت ریاجموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے علما و مشائخ کے وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں صدر سیرت کمیٹی عتیق احمد کیانی ، مولانا محمد اشرف ، صاحبزادہ محمد فردوس نعیمی، قاری محمد اشرف علی ، مظفرحیات ہارونی، ملک محمد شوکت عارف قادری، مولانا منیر حسین ہارونی ، صاحبزادہ حمید الدین برکتی ، مولانا زاہد اثری، مولانا الطاف سیفی ، مولانا محمد امین بٹ، مولانا بشیر قادری، مرکزی صدر سیرت کمیٹی عتیق احمد رضا کیانی اور دیگر بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پر ترجمان وزیراعظم شوکت جاوید میر ، پبلک ریلیشن آفیسر شوکت راٹھور بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران مدارس کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، دینی اداروں کی فلاح و بہبود، تجوید القرآن ٹرسٹ کی سرگرمیوں اور مذہبی تعلیم کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

علما و مشائخ کے وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وفد نے مدارس کو درپیش مسائل، طلبہ کی تعلیمی سہولیات اور دینی خدمات کے فروغ کے حوالے سے اپنی تجاویز اور سفارشات بھی پیش کیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ دینی مدارس معاشرے کی اصلاح، دینی شعور کی بیداری اور نوجوان نسل کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت دینی اداروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری رکھے گی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے علما و مشائخ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ہمیں باہمی اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنانا ہوگا تاکہ معاشرے میں امن، استحکام اور یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہم امتِ واحدہ کے تصور پر کامل یقین رکھتے ہیں اور اسی سوچ کے تحت تمام مکاتب فکر کے درمیان احترام، اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت مدارس اور دینی اداروں کی فلاح و ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔تجوید القرآن ٹرسٹ کے مسائل کو حل کریں گے ، حکومت کی ترجیح عوامی فلاح کو ہر ممکن طور پر یقینی بنانا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close