عام تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

حکومت آزاد جموں و کشمیر نے پیر، 16 فروری 2026 کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق تعطیل کا اعلان دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہونے والی اوورسیز کشمیر کانفرنس کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

کانفرنس میں بڑی تعداد میں اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیریوں کی شرکت متوقع ہے، جس کے باعث انتظامی اور سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق 16 فروری کو مظفرآباد میں تمام سرکاری، نیم سرکاری ادارے اور نجی تجارتی مراکز بند رہیں گے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ معزز مہمانوں کی آمد اور کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لیے یہ اقدام ناگزیر تھا۔

حکام کے مطابق اوورسیز کشمیر کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد ریاست کی ترقی کو فروغ دینا، بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں اور پاکستانی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنا اور انہیں آزاد کشمیر میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔

حکومت آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ اس کانفرنس کے ذریعے اوورسیز کشمیریوں کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور انہیں خطے کی معاشی ترقی، خوشحالی اور پائیدار منصوبہ بندی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close