نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)
کشمیر گلوبل کونسل کے صدر فاروقی نے آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر و وزیرِاعظم اور تحریکِ کشمیر کے ممتاز رہنما بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی وفات تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
صدر فاروقی نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مستند اور مؤثر آواز تھے اور انہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی مسئلہ کشمیر کو قومی اور عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ مرحوم آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر، 1996ء میں وزیرِاعظم، 2001ء میں اپوزیشن لیڈر اور 2021ء میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود اپنے آبائی حلقے میرپور سے نو بار ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے، جو ان کی بے مثال عوامی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔ وہ آزاد مسلم کانفرنس، لبریشن لیگ آزاد کشمیر، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اور پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
صدر فاروقی نے مزید کہا کہ مرحوم نے عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو جارحانہ اور مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ، امریکی وزارت خارجہ، یورپی پارلیمنٹ اور مختلف ممالک میں پارلیمانوں کے سامنے کشمیر کاز کی بھرپور وکالت کی اور لندن کے ٹرافلگر اسکوائر، نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے، برسلز میں یورپی یونین اور پارلیمنٹ، ڈبلن میں آئرلینڈ کی پارلیمنٹ اور دیوارِ برلن پر تاریخی ملین مارچز کی قیادت کی۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود اسلام آباد میں تعینات یورپی اور اسلامی ممالک کے سفیروں سے ملاقاتیں کرتے رہے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر انہیں بارہا بریفنگ دیتے رہے۔ وہ آزاد کشمیر کے واحد رہنما تھے جنہیں مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت ملی، اور اس دوران انہوں نے سری نگر کے تاریخی لال چوک میں کشمیری عوام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، سید شبیر شاہ، چیئرمین آزاد جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ یاسین ملک سمیت دیگر کشمیری قائدین سے ملاقاتیں بھی کیں۔
صدر فاروقی نے کہا کہ مرحوم کی جدوجہد اور خدمات مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بے مثال ہیں اور وہ آزاد کشمیر کے واحد سیاستدان تھے جنہیں ہر حلقے میں عوامی مقبولیت اور مضبوط ووٹ بینک حاصل تھا۔
آخر میں صدر کشمیر گلوبل کونسل نے مرحوم کے اہلِ خانہ، سیاسی رفقاء اور تمام سوگواروں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





