آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے رہنما راجا ثاقب مجید مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں
آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما راجا ثاقب مجید نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وہ کل 27 دسمبر کو اسلام آباد کے کشمیر کونسل ہال میں باقاعدہ طور پر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
اس تقریب میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام اور دیگر سینئر مسلم لیگ (ن) قیادت بھی موجود رہے گی۔
راجا ثاقب مجید مظفرآباد کے حلقہ این اے-5 کھاوڑہ سے تعلق رکھتے ہیں، جو سیاسی اعتبار سے انتہائی اہم حلقہ سمجھا جاتا ہے۔ اس وقت اس حلقے سے موجودہ سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر رکن اسمبلی ہیں، جو گذشتہ دس انتخابات میں سات بار کامیاب رہے ہیں۔
راجا ثاقب مجید نے پہلے مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر تین انتخابات میں حصہ لیا، لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔ حلقہ کھاوڑہ میں مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر راجا عبدالقیوم، سابق ٹکٹ ہولڈر راجا ابرار ایڈووکیٹ اور چوہدری شفقت بھی انتخاب میں ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، راجا ثاقب مجید کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے باوجود انتخابی راستہ آسان نہیں ہوگا، کیونکہ چوہدری لطیف اکبر پیپلز پارٹی کے مضبوط امیدوار ہیں۔ تاہم، راجا ثاقب مجید ہر صورت جیت کر اسمبلی میں پہنچنے کے لیے پرعزم ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






