تحصیل ہجیرہ میں ایک مسافر وین دریائے جہلم میں گر گئی، جس میں 16 مسافر سوار تھے۔ ریسکیو اہلکاروں نے اب تک تین لاشیں نکال لی ہیں۔
یہ سنگین حادثہ جمعرات کی صبح راولاکوٹ کی تحصیل ہجیرہ میں پیش آیا، جہاں پنڈی سے جانے والی مسافر وین آزاد پتن کے مقام پر دریائے جہلم میں جا گری۔ ڈپٹی کمشنر راولاکوٹ سدھنوتی ممتاز کاظمی کے مطابق وین میں کل 16 مسافر سوار تھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار مسافروں کو محفوظ نکالا اور انہیں طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا۔
کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے خاتون سمیت تین مسافروں کی لاشیں نکالیں، جب کہ حادثے کی شکار وین کو بھی کرین کی مدد سے نکال لیا گیا ہے اور اس میں مزید کوئی لاش موجود نہیں پائی گئی۔
ریسکیو افسر کے مطابق مزید مسافروں کی تلاش کے لیے کشتیوں کے علاوہ انڈر واٹر ریسکیو آپریشن جاری ہے، تاہم دریا میں پانی کے زیادہ بہاؤ کی وجہ سے آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
دریں اثنا سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ٹریفک افسر کو ہدایت کی ہے کہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






