پاکستان تحریکِ انصاف کے ایک اہم رہنما نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی اور انہیں ہار پہنا کر پارٹی میں خوش آمدید کہا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں پاکستان تحریکِ انصاف کو بڑا دھچکا لگا، جہاں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق امیدوار اسمبلی سردار شاہنواز اختر نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
تقریب کے دوران آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے سردار شاہنواز اختر کو ہار پہنا کر پارٹی میں خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی بہتر کارکردگی کے اثرات آزاد کشمیر تک بھی پہنچ رہے ہیں۔
تقریب میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے متعدد کارکنان نے بھی مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔
ادھر ایک روز قبل بھمبر، آزادکشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کے تحصیل صدر طارق محمود نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
پریس کانفرنس کے دوران طارق محمود کا کہنا تھا کہ جو جماعت ملکی اداروں کے خلاف عزائم رکھتی ہو، اس کا حصہ نہیں رہا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وطن اور پاک فوج سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں اور وہ شانہ بشانہ وطن کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






