مظفرآباد: آزاد کشمیر میں وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے معاملے پر بالآخر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں ڈیڈلاک ختم ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ نے قبل ازوقت انتخابات کی شرط پر وزیراعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد میں پیپلز پارٹی کی حمایت کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ نئے وزیراعظم کی اولین ترجیح آئینی عہدوں پر زیرِ التواء تقرریاں مکمل کرکے انتخابات کے لیے راہ ہموار کرنا ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے وزراء اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جائیں گے، جب کہ ن لیگ ووٹ ڈالنے کے بعد اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی۔
ذرائع کے مطابق اگر وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے خود استعفیٰ نہ دیا تو کسی بھی وقت تحریکِ عدم اعتماد پیش کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب بنانے کے لیے 27 اراکین کی سادہ اکثریت درکار ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حمایت کے بعد پیپلز پارٹی نے 36 اراکین کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






