اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر کے نئے امیدوار کا اعلان کل متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے مشاورت کے آخری مرحلے میں چوہدری لطیف اکبر، چوہدری یاسین اور سردار یعقوب کے ناموں پر غور شروع کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بلاول بھٹو کل پریس کانفرنس میں نہ صرف نئے امیدوار کا اعلان کریں گے بلکہ آزاد کشمیر میں اِن ہاؤس تبدیلی کی وجوہات بھی بیان کریں گے۔ اگر موجودہ وزیراعظم مستعفی نہ ہوئے تو پیپلز پارٹی ان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیش کرے گی۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری لطیف اکبر آئندہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے مضبوط ترین امیدوار ہیں اور انہیں بلاول بھٹو سمیت مرکزی قیادت کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ دوسری جانب چوہدری یاسین کو فریال تالپور اور راجہ پرویز اشرف کی حمایت حاصل ہے، جبکہ سردار یعقوب کے لیے سندھ اور پنجاب کے سینئر رہنما سرگرم ہیں۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو ایک پرانے اور وفادار پارٹی ورکر کو وزیراعظم کے منصب پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ تاہم سردار یعقوب کے سابقہ عہدوں (صدر و وزیراعظم) پر اعتراضات ہیں، جبکہ چوہدری یاسین کے بارے میں مسلم لیگ ن کی جانب سے ممکنہ تحفظات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی ن لیگ کی مشاورت سے متفقہ امیدوار لانے کی خواہاں ہے، اور اگر مسلم لیگ ن نے اعتراض نہ کیا تو چوہدری لطیف اکبر کا وزیراعظم بننا یقینی سمجھا جا رہا ہے۔ ادھر اسپیکر قانون ساز اسمبلی کے لیے فیصل راٹھور اور بازل نقوی کے نام بھی زیرِ غور ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






