آزاد کشمیر، مون سون، متعلقہ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ، وزیراعظم متحرک

اسلام آباد(پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کا مون سون کے پیش نظر آزاد کشمیر کی تمام سڑکیں ٹریفک کے لئے بحال رکھنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کا حکم ، تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور سٹاف کی 2 ماہ کےلئے چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت ، گزشتہ روز وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت آزادکشمیر میں مون سون کی بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور سڑکوں کی بندش کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر مواصلات چوہدری اظہر صادق اور چیف سیکرٹری داؤد محمد بڑیچ نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی مسعودالرحمن, کمشنر اور ڈی آئی جی مظفرآباد اور آفیسران این ایچ اے ویڈیو لنک پر موجود تھے. وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، 1122، این ایچ اے، پولیس، انتظامیہ، شاہرات اور دیگر متعلقہ اداروں کے آفیسران اور سٹاف کی آئندہ 2 ماہ کے لئے چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمہ جات کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں-

وزیراعظم نے کہا کہ تمام سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بحال رکھنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں. انہوں نے کہا کہ کوہالہ سے مظفرآباد کے لئے متبادل 7 کلومیٹر روڈ کو ہیوی ٹریفک کے لئے بحال کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں. وزیراعظم نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران تمام عملہ ٹریفک کی بحالی کے موقع پر موجود رہے تاکہ کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ روڈز کی بندش اور بحالی کے حوالہ سےروزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close