ریاست کے نظام کو آئین اور قانون کے تابع کر دیا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآبادکے وفد نے صدر ناصر مسعود مغل ایڈووکیٹ کی قیادت میں وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ملاقات کی. اس موقع پر جنرل سیکرٹری سنٹرل بار ایسوسی ایشن وقار فاروق عباسی ایڈووکیٹ اور حماد مشتاق ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے نظام کو آئین و قانون کے تابع کر دیا ہے وکلاء برادری میرے ہاتھ مضبوط کرے تاکہ آزادکشمیر کے عوام کو ایک فلاحی ریاست کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے وکلاء کے لئے یہ بات قابل فخر ہونی چاہیے کہ اسوقت ریاست کے وزیراعظم کے منصب پر فائز شخص بھی ان کے قبیلے سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ معاشرے کا باشعور طبقہ ہیں لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں اور لوگوں کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں آپ کا بنیادی کردار ہے۔ اس فرض کو نبھائیں،حکومت کے اچھے اقدامات کا تذکرہ کریں اور جہاں آپ کو خرابی نظر آتی ہے اسکی نشان دہی کریں انشاء اللہ فوری ایکشن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مخلوق خدا کی خدمت اپنا مشن سمجھتا ہوں اور یہ کرتا رہوں گا، ریاست سے بددیانتی اور کرپشن کو دفن کر دیا ہے، جب تک قلم میں اختیار ہے یہ میں اپنے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے استعمال کرونگا۔وزیراعظم نے کہا کہ اب صرف ایک ہی مشن ہے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو باعزت زندگی کی فراہمی۔

اس سلسلے میں دس ارب کی لاگت سے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے تاکہ معاشرے کے نادار خواتین و حضرات کی مدد کی جا سکے اور ریاست ان کے لئے کچھ کرے،بیروزگاری کے خاتمے کے لئے 5 ارب کا فنڈ مختص کرنے کی تجویز ہے تاکہ ہنرمند خواتین و حضرات کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بلاسود قرضے دئیے جا سکیں،معاشی مشکلات کا شکار اپنے بچوں اور بچیوں کیلیے ایک ارب کا تعلیمی وظائف کا فنڈ قائم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ پاک نے اقتدار دیا وہی لے گا جب تک ہوں پوری دیانتداری سے قومی خزانے کی حفاظت کرونگا۔ وفد نے وزیراعظم کو سنٹرل بار کے دورہ کی دعوت دی ۔ وزیراعظم نے رواں ماہ کے آخر میں سنٹرل بار کے دورہ کی دعوت قبول کر لی۔اس موقع پر وفد نے وزیراعظم کے عوام دوست ایجنڈے کو سراہا اور انہیں آزادکشمیر کے وکلاء کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔۔۔۔