مظفرآباد ( پی آئی ڈی) حکومت آزادکشمیر کی کاوشیں رنگ لے آئیں ، آزادکشمیر میں صحت کارڈ سروس بحال کر دی گئی جبکہ وفاق کے زیر اہتمام میڈیکل کالجز میں آزادکشمیر کے طلبہ کا کوٹہ بھی بحال کر دیا گیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر اور وزیرصحت کی محنت ، لگن اور خصوصی دلچسپی سے پاکستان بھر میں صرف آزادکشمیر کیلئے ہیلتھ کارڈ سروس بحال کی گئی ہے ۔
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی ہدایت پر وزیرصحت آزادکشمیر نثارانصرابدالی نے نگراں وفاقی وزرا ءسے ملاقاتیں کیں اور انہیں آزاد کشمیر میں صحت سہولت کارڈ سے مستفید ہونے والے مریضوں کی تشویش جبکہ آزاد کشمیر کے میڈیکل کے طلباء کا وفاق کے زیر اہتمام کالجز میں 30سیٹوں کا کوٹہ کے خاتمہ کے حوالہ سے طلبہ کی تشویش بارے آگاہ کیا ،جس پر وفاقی حکومت کی جانب سے فوری طور پر ہیلتھ کارڈ سہولت کو31دسمبر2023تک بحال کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی جس میں آزادکشمیر حکومت کے نمائندے کو بھی شامل کیا گیا ہے،آزادکشمیر میں ہیلتھ کارڈ سروس 31دسمبر2023 کے بعد بھی جاری رہے گی تاہم کچھ انتظامی تبدیلیاں ہونگی جو وزیراعظم پاکستان کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی 31 دسمبر سے قبل تجویز کریگی۔وزیراعظم وہدری انوارالحق کی خصوصی ہدایت پر وزیرصحت آزادکشمیر نے وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد سے ملاقات کی جس میں انہیں ہیلتھ کارڈ کی بندش کی وجہ سے آزادکشمیر کے عوام کی تشویش اور میڈیکل کالجز کے کوٹہ ختم ہونے کا معاملہ اٹھایا، فوادحسن فواد نے چیف سیکرٹری اور سٹیٹ لائف حکام کو فوری طور پر ہیلتھ کارڈ بحال کرنے کی ہدایت کی جس پر باقاعدہ طور پر آزادکشمیر میں ہیلتھ کارڈ سروس بحال کر دی گئی ۔ گزشتہ روز وزیر صحت آزادکشمیر نے نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان،چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن پاکستان سلیمان مہدی،چیف ایگزیکٹو آفیسر سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی مسٹر شعیب جاوید، چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت سہولت پروگرام محمد ارشد سے ملاقات کی اور آزاد کشمیر میں جاری صحت سہولت کارڈ سے مستفید ہونے والے مریضوں کی تشویش کو وفاقی حکومت کے سامنے رکھا اور کہا کہ آزاد کشمیر ایک پسماندہ علاقہ ہے،بہت سارے نادار لوگ اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں اس کی بندش سے مریضوں کو بے شمارمسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
وفاقی وزیر صحت کی جانب سے سٹیٹ لائف کو آزاد کشمیر میں سہولت جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی جس کے بعد سٹیٹ لائف کی جانب سے صرف آزادکشمیر میں صحت سہولت کارڈ پروگرام کو جاری رکھنے کے حوالہ سے نوٹیفکیشن جاری بھی کر دیا گیا ہے ۔ وزیر حکومت نے پی ایم ڈی سی کی طرف سے آزاد کشمیر کے میڈیکل کے طلبہ کا وفاق کے زیر اہتمام کالجز میں 30سیٹوں کا کوٹہ ختم کرنے کا معاملہ بھی وفاقی وزیر نجاری فواد حسن فواد اور وزیر صحت سے اٹھایا جس پر میڈیکل کالجز میں آزادکشمیر کے طلبہ کیلئے کوٹے کو بحال کر دیا گیا ہے بلکہ وزیرصحت آزادکشمیر کی جانب سے میڈکل کالجز کی مزید 04 سیٹیں لینے کے لیے بھی کاوشیں کی جارہی ہیں ،وزیر حکومت نے وفاقی وزیر صحت کو آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت جسے وفاقی وزیر صحت نے قبول کرتے ہوئے جنوری کے تیسرے ہفتے مظفرآباد آنے کی یقین دہانی کروائی۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں