آرٹیکل 370، بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد لاائحہ عمل کے لیے آزاد کشمیر اسمبلی کی کمیٹی کا قیام

مظفرآباد (پی آئی ڈی) سپیکرقانون ساز اسمبلی آزادجموں وکشمیر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت بھارتی سپریم کورٹ کے متعصبانہ فیصلے کے بعد لائحہ عمل بنانے کے حوالہ سے قائم کردہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس سپیکر چیمبر میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ممبران قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد، سابق وزرائے اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان، سردارعتیق احمد خان اور سردار عبدالقیوم نیازی، وزیر قانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید، وزیرخزانہ عبدالماجدخان، سردارحسن ابراہیم،حافظ حامد رضا جبکہ وزیرحکومت امتیاز نسیم، مشیرحکومت نثارہ عباسی اور سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت حسین نے شرکت کی۔

اجلاس تمام ممبران نے اظہارخیال کرتے ہوئے بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ متعصبانہ فیصلے کویکسرمسترد کیا۔ اس موقع پر بھارتی سپریم کورٹ کے متعصبانہ فیصلے کے خلاف نیشن وائیڈاحتجاج اوراس ناانصافی کے خلاف ہرفورم پر بھرپوراحتجاج و مظاہرے کرنے جبکہ آل پارٹیز کانفرنس بلاکر مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ قانون ساز اسمبلی کے جاریہ سیشن کو کشمیریوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے طور پر چلایاجائے گا۔ کمیٹی کے اجلاس نے فیصلہ کیا گیا کہ ممبران اسمبلی آج (بدھ کو) دارلحکومت میں ہونے والے پاسبان حریت کے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں گے اور بھارتی سپریم کورٹ کے متعصبانہ فیصلے کے خلاف بھرپور آواز بلند کی جائیگی۔ ۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں