مظفر آباد، عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ عوام پر خرچ کیا جائے گا، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا خصوصی بچوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ معاشرے کے محروم طبقات کے مسائل کے حل کیلئے حکومت خود چل کرانکی دہلیز پر جائےگی۔ وہ معاشرے اور وہ قومیں کبھی بھی عذاب الہی سے نہیں بچ سکتی جو اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھا نہیں سکتی۔کوشش اور خواہش ہے جہاں بھی سٹیٹس کو نظر آئے اسکو جڑ سے اکھاڑ دوں، اعلانات سے نفرت ہے، عمل لوگوں کے کردار کی گواہی بنتا ہے۔

این ٹی ایس کے خاتمے کے حوالے جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، این ٹی ایس پوری طرح بحال ہے بلکہ اس میں جو خامیاں تھیں انکو دور کیا جارہا ہے۔سپیشل ایجوکیشن سینٹر مظفرآباد کی جملہ ضروریات کو ہر صورت پوراکیاجائیگا، ان معصوموں کی ایک ادا کے صدقے اللہ تعالیٰ ہم سب کا بیڑا پار لگا سکتا ہے۔. اقتدار اور قلم کا اختیار اللہ رب العزت اور اسکے پیارے حبیب ﷺ کی خصوصی عنایت ہے اور عوام کی امانت کا جس میں خیانت کاسوچ بھی نہیں سکے ۔ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ عوام پر خرچ کیا جائےگا۔ میرے عزم میں کوئی کمی نہیں آئے گی، ماضی کی کوتاہیوں کا ازالہ کریں گے۔تمام وسائل عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے خرچ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی بچوں کے عالمی دن کے موقع پر مظفرآباد میں سپیشل ایجوکیشن سینٹرمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ سپیشل ایجوکیشن سینٹر میں 31 دسمبر سے قبل سٹاف کی کمی کو پورا کریں گے، انشاء اللہ جلد یہ ادارہ کالج کا روپ دھارے گا، سیاسی کارکن ہوں صرف اعلانات کرکے اپنا اعتماد کھونا نہیں چاہتا ہوں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر 72 گھنٹوں میں سپیشل ایجوکیشن سینٹر کے ہاسٹل کا پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے ادارے کیلئے 10 لاکھ روپے فیول،5 لاکھ روپے بس مرمتی کیلئے اور ایک لاکھ روپے بچوں کے لئے اعلان کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ سپیشل ایجوکیشن سینٹر مظفرآباد کی فزیو تھراپی لیب کو جون سے قبل ہر صورت اپ گریڈ کیاجائے گا، اگر مالی مشکلات آڑے آئیں تو وزیراعظم سیکرٹریٹ فزیو تھراپی لیب اپ گریڈ کر کے دیگا۔ انہوں نے کہا کہ آٹے اور بجلی سے زیادہ یہ سپیشل بچے ہمارے لئے اہم ہیں. وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر ان بچوں کے والدین اور اساتذہ کرام کو بھی مبارکباد دیتا ہوں جو ان بچوں کو تربیت دینے کے لئے محنت کر رہے ہیں۔ تقریب سے وزیر سماجی بہبود سید بازل علی نقوی نے بھی خطاب کیا. اس موقع پر ادارے کے اساتذہ اور سپیشل بچوں کے والدین نے بھی شرکت کی۔ وزیر سماجی بہبود سید بازل علی نقوی نے کہاکہ خصوصی بچوں کے عالمی دن کے موقع پرخصوصی بچوں کے اساتذہ کرام اور والدین کومبارکباد دیتاہوں جوانکے ساتھ محنت کررہے ہیں ۔ یہ بچے خصوصی صلاحیتوں کے حامل ہیں ، سپیشل بچوں کیلئے فنی تعلیم کے فروغ سمیت ان کے لیے مزید مواقع پیدا کریں گے ۔ سپیشل ایجوکیشن سینٹر مظفرآباد کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ اسکے تمام مسائل کو ہنگامی اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائےگا۔ انہوں نے اس موقع پر سپیشل ایجوکیشن سینٹر چلانے والی این جی اوز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close