ریاست میں قانون کی عملداری اور مثالی تمدنی زندگی کے لئے فرض شناس پولیس ناگزیر ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کا پولیس ٹریننگ کالج میں پاسنگ آؤٹ سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ پولیس عوام الناس کے جان و مال کا محافظ ہونے کے ساتھ ساتھ امن وامان قائم رکھنے کی بھی ذمہ دار ہے. ریاست میں قانون کی عملداری اور مثالی تمدنی زندگی کے لئے فرض شناس پولیس ناگزیر ہے. توقع رکھتا ہوں کہ اپنے فرائض منصبی سرانجام دینے کے دوران عوام الناس کی عزت وتکریم کریں گے اور مثالی پولیس مین ہونے کا ثبوت دیں گے.

آزادکشمیر پولیس نے افواج پاکستان اور پیرا ملٹری فورسز کے تعاون سے ہمیشہ قومی نوعیت کے فرائض بطریق احسن سرانجام دیئے ہیں. آزادکشمیر میں جرائم کی شرح نہ صرف پاکستان کے دیگر علاقوں بلکہ پورے جنوبی ایشیاء میں کم ترین سطح پر ہے جس کا سہرا یقینی طور پر آزادکشمیر پولیس کے سر ہے. پولیس فورس میں شمولیت اختیار کرنے والی اپنی بیٹیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں. وزیراعظم آزاد کشمیر نے پولیس ٹریننگ سکول کے لئے 20 لاکھ روپے کا اعلان کیا اور پولیس لائن آڈیٹوریم کی تعمیر کا بھی اعلان کیا . وزیراعظم نے دوران تربیت نمایاں کارکردگی دکھانے والے کانسٹیبلان میں نقد انعامات اور تعریفی آسان تقسیم کیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر سینئر وزیر کرنل وقار احمد نور, وزراء حکومت سید بازل علی نقوی, چوہدری اکبر ابراہیم, چوہدری محمد رشید, مشیر حکومت سردار احمد صغیر, چیئر مین مولانا مظہر سعید, چیف سیکرٹری آزادکشمیر داؤد محمد بڑیچ, سیکرٹری صاحبان حکومت, سربراہان محکمہ جات, سول و فوجی حکام, پولیس آفیسرز, خواتین اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی. وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ تربیتی اداروں میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تربیتی مواد تیار کرتے ہوئے جدید طور پر تربیت کو یقینی بنانا ریاست کا فرض ہے. انہوں نے کہا کہ روایتی طریقہ تفتیش وقت کے ساتھ ساتھ اپنی افادیت کھو چکا ہے. موجودہ دور میں سائنسی بنیادوں پر تفتیش عمل میں لائی جا کر ہی مجرموں کو سزا دلوائی جا سکتی ہے. وزیراعظم نے کہا کہ تربیت کے معیار کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے انسپکٹر جنرل پولیس کو مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ اس سلسلہ میں جلد از جلد دور رس اصلاحات عمل میں لائی جائیں گی.

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے تاریک ادوار میں دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے لہو سے امن کی شمع روشن کرنے والے افواج پاکستان کے آفیسران,جوانوں اور ملک بھر کی پولیس فورسز کے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں. وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر پولیس نے ہمیشہ مثالی کاکردگی پیش کرتے ہوئے نہ صرف خطے کا امن وامان بحال رکھا بلکہ دہشت گردی کی کئی کارروائیوں کو پیشگی اطلاعات پر وقوع پذیر ہونے سے بچائیں. انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ پولیس میں اصلاحاتی عمل جاری رکھے گی اس کے علاوہ سی ٹی ڈی, خدمت مرکز, ویمن پولیس سٹیشن, ِٹورازم پولیس جیسے شعبہ جات کو مزید وسائل فراہم کرے گی. انہوں نے کہا کہ پولیس میں نفری کی کمی کو دور کرنے کے لئے جلد نئی بھرتیوں کے سلسلہ کا آغاز ہوگا. جسے مکمل شفافیت سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا. وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور شہدائے تحریک آزادی کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close