اے جے کے یوتھ سمٹ 2023 کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس، محکمہ سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر کے زیراہتمام یوتھ سمٹ 27 نومبر کو مظفرآباد میں منعقد ہو گا

مظفرآباد ( پی آئی ڈی) سیکرٹری کھیل ، ثقافت و امورنوجواناں مدحت شہزاد کی زیر صدارت ’اے جے کے یوتھ سمٹ 2023‘ کے انتظامات کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق ، ڈائریکٹرجامعہ کشمیر امتیاز اعوان ،ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس رابعہ نقوی سمیت محکمہ سپورٹس، اطلاعات سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکاکی جانب سے تجاویز دی گئیں۔

محکمہ سپورٹس ، یوتھ اینڈ کلچر کے زیراہتمام اےجے کے یوتھ سمٹ 27 نومبر کو مظفرآباد میں منعقد ہوگا ۔ یوتھ سمٹ کے پانچ سیشنز ہوں گے، یوتھ سمٹ میں شرکا کو ہیومین کیپیٹل ڈویلپمنٹ ، مائیکروفنانسنگ، کیئرئیر پراسپکٹ اور گورننس سمیت مسئلہ کشمیر پر سیشنز ہوں گے جن میں آزادکشمیر کی سیاسی قیادت، وزراحکومت،مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کارہائے انجام دینے والے افرادسمیت حکومت آزادکشمیر کے سینئر افسران شریک ہوں گے ۔ اجلاس میں ایونٹ کے حوالہ سے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس مدحت شہزاد نے کہاکہ کے جے یوتھ سمٹ کا مقصد نوجوانوں کو دور حاضر کے چیلنجز سے آگاہی دینا ہے ، اپنے نوجوانوں کی درست سمت رہنمائی اور انہیں پلیٹ فارمز کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے انتظامی کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ یوتھ سمٹ کے بہترین انعقاد میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے ۔۔۔