کوٹلی (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کے اعزاز میں گذشتہ روز وزیر مال چوہدری محمد اخلاق نےعشائیہ دیا۔ اس موقع پر وزرا کرام چوہدری قاسم مجید ،چوہدری اظہر صادق ،چوہدری یاسر سلطان ،سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری محمد محبوب ایڈووکیٹ اور مقامی سیاسی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے اپنا عزم دہرایا کہ وہ اللہ تعالی کی خوشنودی کے لئے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ تعلیم و صحت اور روڈ انفراسٹرکچر کی ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور وہ ان شعبوں کی ترقی کے لئے کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید برائے تنقید ان کو خدمت کے مشن سے ہٹا نہیں سکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ ایک دو ہفتوں میں کوٹلی کا سرکاری دورہ کروں گا اور عوام کے مسائل پر تفصیلاً بات ہوگی۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں