مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کی زیر صدارت آزادکشمیرکابینہ ترقیاتی کمیٹی مالی سال 2023-24کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین کابینہ، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹری صاحبان حکومت اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 15ارب روپے سے زائد مالیت کے 30منصوبہ جات زیر غور لائے گئے ۔
تعمیر کشمیر پروگرام کے تحت 28انتخابی حلقہ جات میں مجموعی طور پر 816کلومیٹر سڑکات اور 03نئے پل ہا کی تعمیر کے منصوبہ جات لاگتی 14ارب روپے زیر غور لائے جاکر ان منصوبہ جات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ موجودہ حکومتی ترجیحات میں زرائع رسل و رسائل، تعلیم اور طبی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کی کہ ان منصوبہ جات پر شفاف انداز میں عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے تاکہ ریاست میں سیاحت کے فروغ کے علاوہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیرا عظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کے تمام حلقوں میں برابری کی سطح پر فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنا رہے ہیں۔ تمام ترقیاتی منصوبے عوام کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے جائیں تاکہ ان منصوبوں کے اثرات عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کام کے معیار، تکمیل اور شفافیت پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ای ٹینڈرنگ کو یقینی بنا یا جائے گا تاکہ منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت لائی جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے آزادکشمیر میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود اور خوشحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ سڑکوں کی تعمیر سے آزادکشمیر میں بہترین سفری سہولیات میسر آسکیں گی وزیر اعظم نے وزراء کرام اور دیگر تمام متعلقہ حکام کو ترقیاتی منصوبہ جات کی موثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی موقع پر جا کر مانیٹرنگ کی جائے تاکہ منصوبے بروقت اور تصریحات کے مطابق مکمل ہو سکیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ایس ڈی او کی سطح پر فنڈزمنتقل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو چیک اینڈ بیلنس رکھنا ہو گا۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں