پونچھ یونیورسٹی کے لئے7 ارب روپے سے زائد کے میگا پروجیکٹس کا افتتاح اور سنگ بنیاد، آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود نے جامعہ پونچھ چھوٹا گلہ کیمپس کی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد (پی این آئی ) صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پونچھ یونیورسٹی کے لئے سات ارب روپے سے زائد کے میگا پروجیکٹس کاافتتاح اور سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پرصدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے قیام کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو عالمی چیلنجز سے نبردآزما ہونے اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پرسیاسی اورسفارتی محاذپر بہترین انداز میں پیش کرنے کی خاطر اعلیٰ تعلیمی مواقعوں کی فراہمی اولین ترجیح رہی ہے۔

آج جامعہ پونچھ راولاکوٹ کے اساتذہ،انتظامی عملے،اہلیان راولاکوٹ اور بالخصوص طلباء و طالبات کیلئے انتہائی اہم اور خوشی کا دن ہے کہ ہم جامعہ پونچھ میں دو ارب ستر کروڑ روپے کی لاگت سے ”میگا پراجیکٹ فیز ون“ اکیڈمک بلاک کے افتتاح جبکہ ”میگا پراجیکٹ فیز 2“کا سنگ بنیاد رکھنے کے قابل ہو ئے۔ میں اس موقع پر اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتا ہو ں کہ اس نے ہمیں یہ توفیق بخشی کہ ہم جامعہ پونچھ کے ایک دیرینہ اور پیچیدہ مسئلے کو حل کرنے کے قابل ہو ئے۔ میں یہاں پر حکومت پاکستان کا بھی بے حد مشکور ہو ں کہ اس نے آزاد خطہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے تعلیم کے شعبہ میں بڑی سرمایہ کاری کی۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر مختار احمد کا بھی بے حد شکریہ جو ذاتی دلچسپی لیکر ہماری معاونت کرتے رہے۔ اس موقع پر میں اس عزم کا اعادہ کرتا ہو ں کہ جس طرح حکومت پاکستان نے تعلیم کے شعبہ میں حکومت آزاد کشمیر کی دل کھول کر معاونت کی ہم اسی جذبے کے تحت آزاد خطہ کو اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے۔ میں آج راولاکوٹ کے عوام کو یہ بھی خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ ہم بہت جلد”ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے“ جامعہ پونچھ کے چھوٹا گلہ کیمپس کا ٹینڈرنگ پراسس شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف راولاکوٹ بلکہ پورے آزاد کشمیر کی اکیڈمک لائف پر بہت اچھے اثرات مرتب ہو نگے۔ اب آپ کو انشااللہ ایک بدلا ہوا راولاکوٹ نظر آ ئے گا۔ اس سے قبل میں نے رواں سال اگست میں ساڑھے 13 ارب روپے کی لاگت سے سعودی فنڈ کے تعاون سے تعمیر ہونے والے آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس کا بھی میں نے افتتاح کیا تھا، رواں سال جنوری میں کوٹلی یونیورسٹی میں 235ملین روپے کے لاگت سے اکیڈمک بلاک کا بھی افتتاح کیا تھا جبکہ اسی اسی طرح مسٹ یونیورسٹی میرپور میں آئی ٹی کے شعبے کے قیام کے لئے بھی کوشاں ہیں جبکہ وویمن یونیورسٹی باغ کیلئے بھی اراضی فراہم کر دی گئی ہے۔پونچھ کی سرزمین اگرچہ کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے کیونکہ یہاں پر جگہ جگہ پرآزادی کی جدوجہد میں قربانیوں کی داستان رقم ہے اگرچہ دنیا بھر میں بعض شہر یونیورسٹیوں کے نام سے جانے پہچانے جاتے ہیں تاہم پونچھ میں جس تیزی سے یونیورسٹی کے میگا پروجیکٹس پایہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں انشاء اللہ پونچھ یونیورسٹی کا نام بھی جلد بہترین یونیورسٹیوں میں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں جامعہ پونچھ ”میگا پراجیکٹ فیز ون“ اکیڈمک بلاک کے افتتاح جبکہ ”میگا پراجیکٹ فیز 2“کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب سے وائس چانسلر پونچھ یونیورسٹی ڈاکٹر زکریا ذاکر، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر مختار احمد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر تقریب میں سابق صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان، ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان، سابق وزیر سردار عابد حسین عابد اور صدارتی مشیر سردار امتیاز خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آزاد جموں وکشمیر کے پانچوں جامعات کے وائس چانسلرز، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت آزاد جموں و کشمیر کی جامعات کے اساتذہ اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کہنے کو توآپ جامعہ پونچھ کو محض ایک ہی منصوبہ کہہ سکتے ہیں لیکن”حقیقت میں ایسا نہیں“ کیونکہ یونیورسٹی کیساتھ ایک عام شہری کی زندگی جڑی ہو تی ہے۔اس لئے تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری دراصل عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے سرمایہ کاری ہو تی ہے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں اس موقع کی مناسبت سے اپنے طلباء و طالبات سے بھی یہ کہنا چاہوں گا کہ یقینا مسائل بھی آتے ہیں لیکن آپ کبھی بھی مسائل کو اپنے تعلیمی سفر میں رکاوٹ نہ بننے دیں۔ مجھے اپنے طلبہ پر یقین ہے کہ وہ تعلیمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا ضرور منوائیں گے۔میں میگا پراجیکٹ کے اکیڈمک بلاک کی تکمیل اورمیگا پراجیکٹ کے فیز 2 کے سنگ بنیاد رکھنے پر وائس چانسلرجامعہ پونچھ اوراُن کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ مجھے اعتماد ہے کہ موجودہ وائس چانسلر پونچھ یونیورسٹی اور ان کی ٹیم پونچھ یونیورسٹی کو تعلیمی میدان میں بلند مقام تک لے کر جائے گی اور اسے ایک بین الاقوامی درس گاہ کا درجہ دلوانے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close