آزاد کشمیر کی سیکرٹری اطلاعات تہذیب النساء کا پی آئی ڈی کمپلیکس مظفرآباد کا دورہ، محکمہ اطلاعات کو سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا عزم

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کی سیکرٹری اطلاعات محترمہ تہذیب النساء کا پی آئی ڈی کمپلیکس مظفرآباد کا دورہ۔ نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ میں سیکرٹری اطلاعات کو محکمانہ بریفنگ دی گئی۔ ناظم تعلقات عامہ راجہ شاہد حسین، ناظم پریس انفارمیشن پبلی کیشن اینڈ پوٹو کول امجد حسین منہاس، ناظم سوشل و ڈیجیٹل میڈیا محمد بشیر مرزااور محکمہ کے آفیسران کی بریفنگ میں شرکت۔سیکرٹری اطلاعات نے پی آئی ڈی کمپلیکس میں نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھی کیا۔

محکمانہ بریفنگ کے بعد افسران سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات محترمہ تہذیب النساء نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لائے بغیرمیڈیاکے موجودہ چیلنجز کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔مصنوعی ذہانت نے اسوقت زندگی کے ہرشعبہ میں انقلاب بر پاکردیا ہے، ہمیں ماڈرن ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا۔ میری کوشش ہوگی کہ وزیراعظم آزادکشمیر کے ویژن کے مطابق محکمہ تعلقات عامہ میں جدت لائی جائے اورفاسٹ ٹریک بنیادوں پرکام کیا جائے اورمحکمہ اطلاعات کو سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور مزید وسائل کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جدید میڈیا کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور آفیسران کی کیپیسٹی بلڈنگ کے لیے ترقیاتی منصوبے تیار کیے جائیں۔ آفیسران کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے انہیں وفاقی اداروں میں تربیت کے لیے بھیجا جائے تاکہ انکی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہو سکے۔ قبل ازیں سیکرٹری اطلاعات کو محکمہ کے آفیسران قراۃ العین شبیر، راجہ محمد سہیل خان اور راجہ عبدالباسط خان نے ترقیاتی منصوبوں،ڈیجیٹل و سوشل میڈیا، شعبہ اشتہارات، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا،ڈیکلریشن و مانیٹرنگ سیکشنز اور آزادجموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن کے بارہ میں بریفنگ دی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close