آزادکشمیر کی پانچوں جامعات میں شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم پاکستان یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کے کنگ عبداللہ کیمپس میں آزادکشمیر میں قائم پانچوں جامعات میں شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔

وزیر اعظم پاکستان یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت بی ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی سمیت دیگر تمام ڈگری پروگراموں میں اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 787 طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گے ہیں۔اس سلسلہ میں کنگ عبداللہ کیمپس کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے میرٹ پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ کی سہولت میسر آنے کے بعد طلباء کو تعلیم وتحقیق کے جدیدذرائع و وسائل تک رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔وائس چانسلر نے وفاقی حکومت اور ہائیرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے آزادکشمیر کے ہونہارطلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ مہیا کرنے پر شکریہ اداکیا اور کہا کہ یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر کا شمار ملک کی دیگر بڑی جامعات میں ہوتا ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی،کنگ عبداللہ کی صورت میں خوبصورت کیمپس اور جدید لیبارٹریز جامعہ کو ممتاز بناتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کے کل 280 فیکلٹی ممبران میں سے 150پی ایچ ڈیز ہیں جبکہ ان میں سے بھی اکثریت نے بیرون ملک سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر/فوکل پرسن برائے وزیر اعظم پاکستان یوتھ لیپ ٹاپ سکیم سید قائم علی شاہ نے کہا کہ اس سکیم کے تحت ملک بھر کی جامعات کے 652000 طلباء نے لیپ ٹاپ کے لیے اپلائی کیا تھا جن میں سے آزادکشمیر کی پانچ جامعات کے اڑھائی ہزار طلباء کو تعلیمی کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ مہیا کیے جارہے ہیں۔سید قائم علی شاہ نے ڈیپارٹمنٹل اور سپرفوکل پرسنز کا تصدیقی عمل کی شفاف طریقے سے تکمیل پر شکریہ بھی ادا کیا۔ وائس چانسلر جامعہ آزاد جموں و کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر/فوکل پرسن برائے وزیر اعظم پاکستان یوتھ لیپ ٹاپ سکیم سید قائم علی شاہ اور دیگر نے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔تقریب میں جامعہ آزادجموں و کشمیر کی مختلف کلیات کے ڈین حضرات،شعبہ جات کے سربراہان،پرنسپل آفیسران،فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close