اسلام آباد ( پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کی کاوشیں رنگ لے آئیں، حکومت پاکستان نے حکومت آزادکشمیر کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کی دوسری سہ ماہی کیلئے فنڈز ریلیز کر دیے۔ حکومت پاکستان کے فنانس ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت آزادکشمیر کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2023-24 کے لیے 8876000000 ( 8 ارب87 کروڑ 60 لاکھ روپے) کے فنڈز جاری کیے ہیں۔
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق اور انکی ٹیم کی اسلام آباد میں نگران وزیراعظم پاکستان سمیت اعلی وفاقی حکام سے پے در پے ملاقاتوں کی وجہ سے مشکل مالی حالات میں حکومت پاکستان نے کمال مہربانی کرتے ہوئے حکومت آزادکشمیر کو ترقیاتی فنڈز ریلیز کیے ییں جس سے آزاد خطہ میں جاری ترقیاتی عمل تیز ہوگا اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہو گی جس سے لوگوں کو سہولیات میسر آئیں گی۔ آزادکشمیر حکومت کو ترقیاتی فنڈز کی بروقت ریلیز میں نگران وزیراعظم پاکستان،نگران وفاقی وزیر خزانہ اور نگران وفاقی وزیر منصوبہ بندی سمیت متعلقہ وفاقی سیکرٹری کا بھرپور تعاون رہا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے ترقیاتی فنڈز آزادکشمیر ترقیاتی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی سمیت دیگر فورمز سے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں