اسلام آباد (پی این آئی ) صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کال پر نیو یارک، لندن، برسلز، جنیوا، پیرس، ڈبلن، برلن سمیت دیگر ملکوں میں 27اکتوبر 1947ء کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے جابرانہ اور غاصبانہ قبضے کے خلاف بیرون ملک آباد کشمیریوں کے زبردست احتجاجی مظاہرے۔ اس موقع پر مظاہرین لے کے رہیں گے آزادی ہے حق ہمارا آزادی، کشمیریوں کا قاتل مودی، گو مودی گو،، مودی قصائی، اقوام متحدہ کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت دے، کشمیر کشمیریوں کا ہے، جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے، مظاہرین نے آزادکشمیر کے جھنڈے اُٹھا رکھے تھے۔ مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مظالم کی انتہاء کر دی ہے۔ لیکن اب بھارت جان لے کہ وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو اپنے توپ و تفنگ سے ختم نہیں کر سکتا اور پوری دنیا میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ ہیں اور کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں تنہاء نہیں، ہماری یہ جدوجہد مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی تک جاری و ساری رہے گی۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا حل طلب مسئلہ ہے لہذا اقوام متحدہ کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ کیونکہ بھارت جہاں مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کر رہا ہے وہاں خود بھارت میں بھی اقلیتیں مودی سرکار کے ظلم و بربریت کا شکار ہیں جبکہ حال ہی میں کینیڈا میں سکھ رہنماء کے قتل میں بھارت اور اُس کی خفیہ ایجنسی راء کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت کینیڈین وزیر اعظم کی طرف سے کینیڈین پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے بعد اب یہ مہر ثبت ہو گئی ہے کہ بھارت ایک عالمی دہشت گرد بن چکا ہے اور دنیا کے بہت سے ممالک نے بھارت کے اس اقدام کی مذمت بھی کی ہے۔ جبکہ حال ہی میں قطر میں بھی بھارتی نیوی کے عہدیداران کوجاسوسی کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی ہے جس سے بھارت اور مودی کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے عیاں ہو گے ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے اور اسی طرح بھارتی ریاست منی پور میں بھی عیسائیوں پر بربریت کی انتہاء کر دی گئی یہاں تک کہ بھارتی ریاست منی پور میں خواتین کو برہنہ کر کے سرعام گھمایا گیا جس سے بھارت کے دنیا کے سب سے بڑے جمہوریت اور سیکولر اسٹیٹ ہونے کے دعوے کی قلعی کھل چکی ہے اور اُس کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آشکار ہو چکا ہے۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آج جہاں ہم مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور یوم سیاہ منا رہے ہیں وہاں پر ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کااظہار کرتے ہیں وہاں مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار جو کہ ہندوتوا پالیسیاں اپنائے ہوئے ہے کو بھی انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بے نقاب کر رہے ہیں اور دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی جانب مبذول کرا رہے ہیں اور عالمی برادری سے پرو زور مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم رکوانے اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں