مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء کا عمل جاری ہے۔ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی ہدایات کی روشنی میں سول انتظامیہ، پولیس اور دیگر تمام متعلقہ ادارہ ے انخلاء کے دوران غیر ملکیوں سے انسانی بنیادوں پر بھرپور تعاون کو یقینی بنارہے ہیں اور بھرپور احترام کیساتھ غیر ملکیوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے جس کی وجہ سے غیر ملکی بھی رضا کارانہ طور پر اپنے ممالک واپس جا رہے ہیں۔
حکومت پاکستان کی پالیسی کے مطابق آزاد کشمیر سے بھی غیر ملکیوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے اور 31اکتوبر، 2023کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔محکمہ داخلہ حکومت آزادکشمیر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈیڈ لائن کے بعد غیر قانونی طور پر آزاد کشمیر میں مقیم رہنے والے غیر ملکیوں کو واپس اپنے ممالک بھیجنے کے لئے بھی لائحہ عمل تیار کرتے ہوئے اتنظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ڈیڈ لائن کے بعد بھی غیر قانونی طور پر مقیم رہنے والے افراد کو ”ہولڈنگ پوائنٹس“ پر رکھا جائے گا جبکہ اس دوران ان کے قیام و طعام کی مکمل ذمہ داری حکومت آزاد کشمیر کی ہو گی۔ ٹرانسپورٹیشن اور سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ بنیادی انسانی حقوق کو بہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں انخلاء کی نسبت معینہ دن پر غیر ملکیوں کو مکمل سہولیات اور بھرپور احترام سے اپنے ممالک روانہ کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ غیر ملکیوں کے ساتھ منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کے نسبت کوئی لین دین نہ کیا جائے، لین دین کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ضابطہ عمل میں لائی جائے گی۔ ۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں