دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر احتجاج کریں، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی اپیل

اسلام آباد (پی این آئی ) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کال پر 27اکتوبر بروز جمعتہ المبارک کو پوری دنیا میں مقیم کشمیری یوم سیاہ مناتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کریں گے۔اس حوالے سے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ اُن کی کال پر 27اکتوبر بروز جمعتہ المبارک کو نیو یارک، لندن، برسلز، جنیوا، پیرس، برلن،ڈبلن اور دنیا میں دیگر جگہوں پر مقیم پاکستانی اور کشمیری زبردست احتجاجی مظاہرے کریں،اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ان احتجاجی مظاہروں میں بھارت اور مودی کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ24اکتوبر1947ء کو غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی قیادت میں آزادکشمیر میں قائم ہونے والی انقلابی حکومت کے صرف 3دن بعد 27اکتوبر 1947ء کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیں داخل کر کے غیر قانونی قبضہ کر لیاتھا جو کہ آج تک قائم ہے۔ بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر اس جابرانہ اور غاصبانہ قبضے کے خلاف 27اکتوبر کو آزادکشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کرتے ہیں۔ لہذا اس دفعہ بھی پوری دنیا بھی مقیم کشمیری بھارت اور مودی جو کہ نہ صرف مقبوضہ کشمیر، پاکستان، کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں دہشت گردی کے مرتکب ہوئے ہیں اور دنیا اب مودی کا اصل چہرہ دیکھ چکی ہے کیونکہ مودی اب ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر سامنے آیا ہے اور دنیا بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی میں بڑے پیمانے پر اضافہ کر دیا ہے اور اُس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اگلے سال بھارت میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور مودی یہ انتخابات جیتنے کے لئے کوئی بڑا ڈرامہ رچانا چاہتا ہے تاکہ وہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی راہ ہموار کر سکے۔ لہذا دنیا بھر میں مقیم کشمیری مودی کی ہندوتوا پالیسیوں اور ریشہ دوانیوں کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں اور جارحانہ انداز میں مودی اور بھارت کے عزائم دنیا کے سامنے آشکار کر دیں اور دنیا کو یہ بتا دیں کہ جس طرح حال ہی میں کینیڈا میں بھارتی خفیہ ایجنسی راء نے سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ نجر کو قتل کیا اس سے اب پوری دنیا بھارت اور مودی کو عالمی دہشت گرد کے طور پر جاننا شروع ہو گئی ہے۔ لہذا میں پوری دنیا میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کروں گا کہ وہ 27اکتوبر بروز جمعتہ المبارک کو دنیا بھر میں بھارت اور مودی کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوزمظالم کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں اپنی سیاسی و سماجی وابستگیوں سے بالا ترہو کر شریک ہوں اور دنیا کے سامنے یہ ثابت کر دیں کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑے ہیں اور ہماری یہ آزادی کی جدوجہد مقبوضہ کشمیرپر بھارت کے غاصبانہ اور جابرانہ تسلط سے آزادی تک جاری و ساری رہے گی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں