عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام گرفتار اراکین کو وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارلحق کی ہدایت پر رہا کر دیا گیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) ترجمان حکومت آزاد کشمیر و وزیر حکومت عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارلحق کی ہدایت پر عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام گرفتار اراکین کو رہا کر دیا گیا۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے عمائدین نے حکومتی مصالحتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات میں گرفتار ممبران کی رہائی کا مطالبہ کیا تھاجس کو مانتے ہوئے گرفتارافراد کو رہاکیاگیا ہے۔ حکومت آزادکشمیرکی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت ایکشن کمیٹی کے ممبران کو رہا کرتے ہوئے اس اُمید کا اظہار کیا گیا ہے کہ اس عمل سے مذاکرت مثبت انداز اور قومی و ریاستی مفاد میں آگے بڑھیں گے۔

حکومتی مصالحتی کمیٹی کے اراکین کا اظہار ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران کی رہائی سے حکومت آزادکشمیر نے عملی طور پر پیغام دیدیا ہے کہ ہم لوگوں کے مشکلات حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر ہر فورم پر آزادکشمیر کے عوام کا مقدمہ احسن انداز میں لڑ رہے ہیں جس کے بہت جلد نتائج دیکھنے کو ملیں گے۔عوامی ایکشن کمیٹیز کے مطالبات سے پہلے ہی وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے فوڈ سبسڈی دینے سمیت آزادکشمیر کے ہائیڈل پوٹینشل، ہائیڈل پراجیکٹ کے ماحولیاتی مسائل اور دیگر معاملات کو وفاقی حکومت سے اٹھایا ہے۔ موجودہ مسائل کئی دھائیوں سے چلے آرہے ہیں جن کے حل کیلئے وزیراعظم چوہدری انوارالحق اورانکی ٹیم پوری جانفشانی سے مصروف عمل ہے۔حکومتی کمیٹی کی جانب سے امید کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ ایکشن کمیٹی کی جانب سے بجلی بلات نہ جمع کروانے کی مہم کا خاتمہ کیا جائے گا اور ریاستی مفاد میں عوام سے بھی درخواست کی جائے گی کہ اپنے اپنے بقایاجات جلد از جلد جمع کروائیں تاکہ حکومت مزید بہترانداز میں اپنے لوگوں کی نمائندگی کر سکے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کے لیے ماحول کا سازگار ہونا ضروری ہے اور مذاکرات و باہمی مشاورت کے ذریعے ہی مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے، حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے ہمیشہ جائز مطالبات کی نہ صرف حمایت کی ہے بلکہ ان کے حل کیلئے اپنی تمام ترتوانائیاں بروئے کار لائی ہیں، چوہدری انوارالحق کے دورمیں جس انداز سے آزادکشمیر کے مسائل کو وفاقی حکومت سے اٹھایا گیا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ گرفتار ممبران کی رہائی کے بعد فریقین مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں گے،حکومت آزادکشمیر کو اپنی ذمہ داریوں کا نہ صرف احساس ہے بلکہ انکو پورا کرنے کیلئے دن رات روبہ عمل ہے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں