مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے میں برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کا بہت اہم کردار ہے، صدر آزاد کشمیر کی کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل نارتھ زون برطانیہ کے صدر چوہدری مالک سے گفتگو

اسلام آباد (پی این آئی ) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے میں برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کا بہت اہم کردار ہے لہذا مسئلہ کشمیر کے اس نازک اور اہم موڑ پر اس بات کی ضرورت ہے کہ بیرون ملک بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیری اب پہلے سے زیادہ متحرک ہو کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف آواز اُٹھانے کے لئے زیادہ موثر انداز میں متحرک ہو جائیں۔

برطانیہ میں اس وقت ہمارے نو سے زیادہ ممبران پارلیمنٹ، ہاؤس آف لارڈز کے ممبر زاور بڑی تعداد میں لارڈ میئرز، میئرز اور کونسلرز ہیں جو کہ جارحانہ انداز میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے اور بھارت کی ریشہ دوانیوں کا جواب دینے کے لئے اُٹھ کھڑے ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل نارتھ زون برطانیہ کے صدر چوہدری مالک سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ 05اگست2019ء کے بھارتی اقدامات کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت میں اضافہ کر دیا ہے اور وہاں پر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں شروع کر دیں ہیں جس سے کہ وہ آبادی کا تناسب اپنے حق میں کر سکے اور مقبوضہ کشمیر کی حلقہ بندیاں تبدیل کر کے وہ ایک ہندو وزیر اعلیٰ لانے کی راہ ہموار کر رہا ہے تاکہ وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کر سکے لہذا ایسی صورتحال میں ہمیں عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی جانب مبذول کرانی ہے اور بھارت کے مکروہ عزائم کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بے نقاب کرنا ہے تاکہ مودی کی ہندوتوا پالیسیوں کا پردہ چاک کیا جا سکے اس کے لئے برطانیہ میں مقیم کشمیری جارحانہ انداز میں انٹرنیشنل فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اُٹھ کھڑے ہوں اور کشمیری عوام کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے موثر اور جاندار انداز میں پیش کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اُٹھانے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں اور دنیا کو یہ باور کرا دیں کہ کشمیری عوام اپنا حق خودارادیت ملنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ اس موقع پر کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل نارتھ زون برطانیہ کے صدر چوہدری مالک نے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو برطانیہ کے دورے کی دعوت دی جو صدر ریاست نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد برطانیہ کا دورہ کرکے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی طرف انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مبذول کرائیں گے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں