مظفرآباد (پی آئی ڈی) ترجمان وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرو وزیر حکومت عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں میں اختلاف رائے ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں، سب کا اپناسیاسی نظریہ ہے لیکن چوہدری انوارالحق کی قیادت پر سب کو اعتماد ہے اور اتحادی حکومت موجودہ مسائل کو حل کرنے کے لیے کمربستہ ہے۔ آزادکشمیر کو درپیش مسائل چند ماہ میں پیدا نہیں ہوئے بلکہ یہ مسائل کئی عشروں سے چلے آرہے ہیں جن پر ماضی میں توجہ نہیں دی گئی۔
چوہدری انوارالحق نے انتہائی مشکل مالی حالات میں لوگوں کو ریلیف دینے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔ آزادکشمیر میں جتنی سبسڈی دی جارہی ہے اتنی چاروں صوبوں میں کسی جگہ نہیں ہے۔جس انداز سے چوہدری انوارالحق آزادکشمیر کے عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں بہت جلد بڑا بریک تھرو ہوگا۔ترجمان وزیر اعظم آزادکشمیرعبدالماجدخان نے کہاکہ موجودہ حکومت فاروڈ بلاک سمیت پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے اراکین پر مشتمل ہے اور سب کا اپنا اپنا سیاسی نظریہ ہے، اس لیے سیاسی طور پر اختلاف رائے ہونا فطری عمل ہے اس میں کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ انہوں نے کہاکہ چوہدری انوارالحق نے تمام اقدامات اتحادیوں کی مشاورت سے اٹھاے ہیں، بجلی پر ٹیکسز کو تاریخ میں پہلی مرتبہ معطل کر کے لوگوں سے پرانے ٹیرف پر بلات وصول کیے جارہے ہیں، پاکستان بھر سے نصف قیمت پر آٹا فراہم کیا جارہاہے، حکومت نے اپنا ترقیاتی بجٹ کمپرومائز کیا لیکن عوام پر بوجھ نہیں پڑنے دیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اپنے اخراجات کم سے کم تر کیے اور کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا، غیر ضروری اخراجات کم کرکے زیادہ سے زیادہ فنڈز لوگوں کی فلاح وبہبود پر لگائے جائیں گے تاکہ آزادخطہ تعمیر و ترقی کی جانب گامزن ہو۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں