اسلام آباد (پی این آئی ) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر زندہ رکھا ہے اور مرزا خالد محمود نے بطور پہلے کشمیری نژاد برطانوی ممبرپارلیمنٹ ہونے کے میرے ساتھ مل کر برطانوی پارلیمنٹ، یورپی پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کیلئے جدوجہد کی۔
مرزا خالد محمود اب بھی مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اُجاگر کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور میں آج یہاں انہیں کشمیریوں کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر مسئلہ کشمیر کو جاندار انداز میں اُٹھایا۔ مودی اگلے سال بھارت میں ہونے والے عام انتخابات کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت میں اضافہ کرے گا لہذا ہمیں مودی کی ریشہ دوانیوں کے خلاف عالمی سطح پر موثر انداز میں جواب دینا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آبادمیں پہلے کشمیری نژاد ممبر برطانوی پارلیمنٹ مرزا خالد محمود سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ممبربرطانوی پارلیمنٹ مرزا خالد محمود کو مزید بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آئے روز ظلم و بربریت میں اضافہ کر رہا ہے اور وہاں پر انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے ایسے میں بیرون ملک آبادکشمیری بالخصوص برطانیہ میں آباد کشمیریوں کے ساتھ مل کر ہمیں مودی سرکار کے ان گھناؤنے عزائم کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بے نقاب کرنا ہو گا۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت نے 05اگست2019ء کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں اور انسانی حقوق کی پامالیوں میں تیزی سے اضافہ کر دیا ہے جس سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کو ایک مشکل اور سنگین صورتحال کا سامنا ہے لیکن بھارت یہ جان لے کہ وہ اپنے توپ و تفنگ سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو زیر نہیں کر سکتا انشا ء اللہ مقبوضہ کشمیر جلد بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا۔ اس موقع پر ممبر برطانوی پارلیمنٹ مرزا خالد محمود نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو برطانیہ اور یورپ کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک آباد کشمیری آپ کے دورہ برطانیہ کے شدت سے منتظر ہیں اور آپ برطانیہ کے دورے کے دوران برطانوی پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر خطاب کر کے عالمی رائے عامہ کو کشمیریوں کے حق میں ہموار کریں۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور ممبر برطانوی پارلیمنٹ مرزا خالد محمود کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں