سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر سے رئیر ایڈمرل جاوید اقبال کی قیادت میں پاکستان نیوی وار کالج سٹاف کورس کے وفد کی ملاقات

مظفرآباد (پی آئی ڈی) سپیکر قانون ساز اسمبلی آزادجموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر سے رئیر ایڈمرل جاوید اقبال(ہلال امتیاز ملٹری) کی قیادت میں 53ویں پاکستان نیوی وار کالج سٹاف کورس کے وفد نے ملاقات کی ۔سپیکر قانون ساز اسمبلی نے وفد سے بات چیت کرتے ہوے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور مسلسل کشمیری شہریوں کے بنیادی حقوق کو پامال کر رہا ہے ،مقبوضہ کشمیر اسوقت دنیا کا سب سے زیادہ فوجی محاصرے کا شکار علاقہ ہے جہاں نو لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اس حل طلب مسئلے کو حل کرانے اور اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کیلیے اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے یکظرفہ طور پر 5 اگست کا اقدام اٹھایا اور ریاست کے ایک بڑے حصے کو ہڑپ کر کے مسئلہ کشمیر کو دبانے کی کوشش کی مگر وہ اس میں مکمل طور پر ناکام رہا ،انہوں نے شہداء کشمیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔سپیکر قانون ساز اسمبلی نے ملک کے دفاع میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا ۔انہوں نے وفد کو اسمبلی کی تاریخ اور زیر تعمیر بلڈنگ پر بریفنگ بھی دی۔وفد میں کموڈور احسان احمد خان، کموڈور احمد رضا طاہر، کموڈور فعد فاروق، کموڈور افتخار رسول، کموڈور محمد عثمان، ونگ کمانڈر امجد، کموڈور فعد ملک، کموڈور نوشیر خان، کموڈور ناصر محمود، کموڈور اسد یاسین شامل تھے ۔اس موقع پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر داؤد احمد بڑیج،سیکرٹری سروسز ظفر محمود خان ، سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت ، پی ایس او مصطفی اصغر بھی موجود تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close