پونچھ ٹورازم کیلئے بہترین جگہ ہے، ٹورازم کو فروغ دے کر ہم علاقہ میں بہتری لا سکتے ہیں، وزیر اعظم چوہدری انوارالحق کا سدھن ایجوکیشنل کانفرنس سے خطاب

راولاکوٹ (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارلحق نے کہا ہے کہ پونچھ غازیوں اور شہیدوں کی دھرتی ہے مجھے آج یہاں آکر انتہائی خوشی ہوئی ہے. ہم نے حقوق لینے کے ساتھ ساتھ فرائض کی ادائیگی کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہے. ِٹورازم مسائل کے حل کی واحد کنجی ہے. پونچھ ٹورازم کےلئے بہترین جگہ ہے،ٹورازم کو فروغ دے کر ہم علاقہ میں بہتری لا سکتے ہیں ،عوامی خدمت میرا مشن ہے،35 سال سے عوام کی خدمت کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے. ہندوستان نے کشمیر میں درندگی کی بدترین مثال قائم کر رکھی ہے. ہم نے اپنی نظریاتی اساس کو زندہ رکھنا ہے.

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارلحق نے سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. تقریب میں سابق وزیر اعظم و صدر سردار یعقوب خان ،موسٹ سینئر وزیر ،وزیر خزانہ کرنل (ر) وقار احمد نور, وزراء حکومت سردار محمد حسین, سرداضیاء القمر, سردار عامر الطاف, سردار میر اکبر خان بھی موجود تھے. تقریب سے قائمقام صدر سدھن ایجوکیشنل کانفرنس سردار شازیب شبیر, چیئرپرسن محترمہ انیقہ اور سردار جاوید ایوب خان نے بھی خطاب کیا. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے کا درست استعمال یقینی بنایا جائے گا. انہوں نے کہا کہ پونچھ میں واٹر سپلائی, سیوریج سسٹم, تعلیم,صحت , ِٹورازم اور روڈ انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تا کہ عوام کا احساس محرومی ختم کیا جائے. انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت پر ذمہ دار یاں بھی زیادہ ہیں.مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو روکے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ الحاق پاکستان ہماری منزل ہے اور اس منزل کے حصول تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی. انہوں نے کہا کہ اگر میں کچھ بھی نہ کر سکا تو گھر چلا جاؤں گا،ہم نے اسلاف کے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد جاری رکھنی ہے. وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اگر ہم بحیثیت معاشرہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں گے تو بہت سے معاملات بہتر کئیے جا سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ مضبوط اور خوشحال پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے، لائن آف کنٹرول کے اس طرف ہندوستان نے کوئی حماقت کی کو شش کی تو ہم اس کا جواب ہندوستان کی دھرتی پر دیں گے،پونچھ میں بجلی کے بلات اور سبسڈی کے معاملات 99.9فیصد یکسو ہو چکے ہیں. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ پونچھ غازیوں اور شہیدوں کی دھرتی پر وزیر اعظم آزادکشمیر کو خوش آمدید کہتا ہوں. انہوں نے کہا کہ ہم نے مل کر اس نظام کو مزید بہتر بنانا ہے. انہوں نے کہا کہ مخلوق خدا کی خدمت ایک جذبے کے ساتھ کرتا ہوں. سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ ہمیں نہ کوئی خرید سکتا ہے اور نہ ہی کوئی جھکا سکتا ہے. انہوں نے کہا کہ ہماری منزل تحریک آزادی کشمیر ہے. وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close