مظفرآباد، سپیکر آزادکشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کا برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ

مظفرآباد (پی این آئی) سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی جانب سے برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران پر مشتمل وفد کے اعزاز میں دارلحکومت مظفرآباد میں عشائیہ دیا گیا۔ وفد کی قیادت چیئرمین تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین نے کی جبکہ وفد میں برطانوی ممبر پارلیمنٹ و چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر برطانیہ اینڈریو جیوائن(Andrew Gwynne)، برطانوی ممبرپارلیمنٹ ناز شاہ، برطانوی ممبر پارلیمنٹ سیم ٹیری(Sam Terry)، سیکرٹری جنرل حق خودارادیت انٹرنیشنل، محمد اعظم، ذیشان عارف، جیمز نیل، سیم ٹیری ایم پی، کونسلر کنیز اختر بریڈ فورڈ، نازیہ نورین، کونسلر محترمہ منیبہ خان، فوزیہ جابرن اور عبید خان نے شرکت کی۔

عشائیہ میں سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ و نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک، ممبر قانون ساز اسمبلی محترمہ نثارہ عباسی ودیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، پانچ اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت ہندوستان کی جانب سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبانے کیلئے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔

سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہا ہے،

اس وقت مقبوضہ کشمیر دنیا کی بڑی جیل یے جہاں پر شہریوں کے بنیادی حقوق سلب ہیں۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کا رابطہ دنیا سے منقطع کررکھا ہے اور پر میڈیا پر پابندیاں لگائی ہوئی ہیں تاکہ دنیا تک مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال نہ پہنچ سکے۔ سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف نے کشمیریوں کی آواز اٹھانے پر برطانوی وفد کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے چیئرمین تحریک حق خود ارادیت راجہ نجابت حسین، برطانوی ممبران پارلیمنٹ ناز شاہ، چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر یوکے اینڈریو گوائن، وائس چیئرمین آل پارٹیز پارلیمانی کشمیر گروپ سیم ٹیری کو شیلڈز بھی دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں