اتحادی حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلیے پوری طرح کمربستہ ہے، عوامی وفود سے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ اتحادی حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلیے پوری طرح کمربستہ ہے ،جب دیکھا کہ ٹیرف کی مد میں عوام پر بوجھ بڑھ گیا ہے جو ان کی استطاعت سے بڑھ کر ہے تو پھر سب کو بجلی کے بلوں میں بڑا ریلیف دیا ۔عوامی وفد سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ آٹے کی مد میں مسلسل سبسڈی کے ذریعے عوام پر وہ بوجھ منتقل نہیں کیا تاکہ آٹا ان کی قوت خرید میں رہے اور عام آدمی کو پریشانی نہ ہو ۔

انہوں نے کہا کہ حکومتیں حکومتوں کا تسلسل ہوتی ہیں مگر کسی حکومت کو اگر کوئی چیز ممتاز کرتی ہے تو وہ اسکا طرز حکمرانی ہے جس کا انداز عوام کی منشا اور ان کی ضرورتوں کے مطابق ہو وہ حکومت یاد رہتی ہے ،پہلے اپنا پروٹوکول ختم کیا پھر اپنے وزراء سے توقع رکھی کہ وہ بھی اسی طرز عمل کو فالو کریں گے اور پھر بیوروکریسی سے بھی یہی توقعات ہیں کہ وہ جنرل پالیسی کو فالو کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی مسائل کا شکار ہے مجھے عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے مراعات نہیں لینی بلکہ اس عام آدمی کی مشکلات کو کم کرنا ہے جو مشکل میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا حکومت میں اہم حصہ ہے وزارت خزانہ مسلم لیگ ن کے پاس ہے جس طرح وہ مجھے سپورٹ دے رہے ہیں اس پر ان کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے سے کسی قسم کی عیاشی نہیں کی جا سکتی ایک ایک پائی دیکھ بھال کر خرچ ہو گی ،احتساب کا ایسا شفاف نظام لائیں گے تاکہ کوئی بھی اس ہر انگلی نہ اٹھا سکے ۔انہوں نے کہا کہ سب کو اپنے فرائض کا احساس کرنا ہو گا تب جا کر ہم ترقی کی دوڑ میں شامل ہونگے ۔وفد نے وزیراعظم کے گڈ گورننس کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ آپ جس طرح آزادکشمیر کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اس کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی ۔انہوں نے وزیراعظم کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close