اسلام آباد (پی این آئی ) صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بین الاقوامی دہشت گرد ہے جب وہ 26ستمبر کو نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے آئے گا تو میری نیو یارک اور امریکہ بھر میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں سے اپیل ہے کہ اس موقع پر وہ اقوام متحدہ کے سامنے مودی کے خلاف مظاہرہ کریں اور اس سلسلے میں، میں سکھوں سے بھی کہوں گا کہ وہ کشمیریوں کے اس مظاہرے میں اُن کے ساتھ شامل ہوں کیونکہ آج سے پہلے جب بھی میں نے اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے مظاہروں میں شرکت کی تو سکھ کمیونٹی کے لوگ ہمارے ساتھ شریک ہوئے ہیں۔
لیکن اب ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد سکھوں کا بھی یہ ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے اس لئے میری امریکہ میں مقیم بھارتی سکھوں، عیسائیوں اور مسلمانوں سے اپیل ہے کہ وہ مودی کے خلاف کشمیریوں کے اس مظاہرے میں شریک ہوں۔صدر آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ہو رہا ہے آج تک دنیا یہی سمجھتی تھی کہ مودی صرف مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں اقلیتوں پر ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے لیکن ا ب کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور کینیڈین پارلیمنٹ نے دوٹوک اور واضح الفاظ میں سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں مودی سرکار اور بھارتی خفیہ ایجنسی راء کو ملوث قرار دیا ہے۔اس سلسلے میں امریکہ، برطانیہ اوریورپ نے کھل کر کینیڈا کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت اس حوالے سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے اوراصل حقائق دنیا کے سامنے لائے اور اگر بھارت اس میں ملوث ہے تو بھارت نے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ امریکہ میں مقیم کشمیریوں، پاکستانیوں، سکھوں اور دیگر اقلیتوں سے اپیل ہے کہ جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی یا بھارتی وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیلئے آئیں تو اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے مظاہرے میں شریک ہوں اور دنیا کو بتائیں کہ بھارت کی انتہاء پسند مودی کی حکومت ایک طویل عرصے سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کر رہی ہے جس میں لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کو شہید اورکشمیری خواتین کی عصمت دری کی گئی ہے اور دنیا کو بھارت کے ان انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لیناچاہیے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں